کتاب: اپنے گھر کی اصلاح کیجیے - صفحہ 19
علاج ومعالجہ کا انتظام کرنا، ان کے ما بین عدل وانصاف،مساوات ورواداری قائم کرنا، امتیاز وتفریق سے گریز کرنا، ان کے ساتھ الفت ومحبت، شفقت وہمدردی سے پیش آنا اور ہر طرح سے ان کی دیکھ بھال اور حفاظت کرنا،یہ ساری چیزیں گھر کی اصلاح میں داخل ہیں۔
گھر کی اصلاح وسدھار کے سلسلے میں یہ ایک ادنی طالب علم کی حقیر سی کوشش ہے جو تعلیمات کتاب وسنت کے عمیق مطالعہ اور معاشرے کے حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد لکھی گئی ہے، لیکن پھر بھی تعبیر وبیان، تجربہ ومشاہدہ اور تجویز ومشورہ میں غلطیوں کا امکان ہے، لہٰذا اہل فکر و دانش قارئین سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مفید مشوروں سے نوازیں، تاکہ آئندہ اس کتاب کو زیادہ سے زیادہ مفید اور کار آمد بنایاجاسکے۔
آخر میں ان تمام حضرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کسی طرح بھی اس کتاب کی تیاری میں میری مدد فرمائی، خصوصاً برادرم محمد الفت کلیم صاحب کا کہ جنہوں نے کافی مشغولیات کے باوجود اس کتاب کی نظر ثانی کی اور تصحیح کا کام انجام دیا، اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر سے نوازے۔
نیز اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس حقیر سی کوشش کو شرف قبولیت سے نوازے، اسے گھر ومعاشرہ کی اصلاح کا ذریعہ بنائے اور میرے، میرے اہل و عیال اور والدین کے لیے ذخیرہ آخرت بنائے، آمین یا رب العالمین۔
ربنا تقبل منا إنک أنت السمیع العلیم۔
اخوکم فی الدین
عبداللہ اعجاز تیمی
مدینہ منورہ، سعودی عرب