کتاب: اپنے آپ پر دم کیسے کریں - صفحہ 13
اس کا مطلب یہ نہیں کہ صالحین سے دم نہ کروایا جائے۔ بلکہ میرا نکتہ نظر اس سے اہم موضوع کی طرف ہے، وہ یہ ہے کہ انسان خود اپنے آپ پر دم کرے۔ میں نے بھرپور کوشش کی ہے کہ اس تالیف کو مختصر رکھا جائے، اور اس بات کا بھی حریص رہا ہوں کہ یہ کتاب ہر پڑھنے والے تک دستیاب ہوسکے۔ اسی لیے میں نے اس کتاب کو کتاب و سنت کی نصوص تک ہی محدود رکھاہے۔اس کے ساتھ کچھ اہل علم کے اقوال بھی نقل کیے ہیں ۔تخریج حدیث اور حوالہ پیش کرنے میں بھی بقدر امکان اختصار سے کام لیا ہے۔ جب میں نے یہ کتابچہ ’’ اپنے آپ پردم کیسے کریں ‘‘ اور’’ نظر بداور جادو سے بچاؤ کی تدابیر اور اس کا علاج کتاب وسنت کی روشنی میں ‘‘ لکھنا شروع کیا تو میں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ : وہ اس عمل کو خالص اپنی رضا کے لیے قبول فرمائے۔ اورہمارے اور تمام مسلمانوں کے مریضوں کو شفاء عطاء فرمائے۔ ان کے دکھوں کا ازالہ فرمائے۔ انہیں غموں اور پریشانیوں سے نجات عطافرمائے۔ اور اللہ تعالیٰ ہم پر اور تمام مسلمانوں پر ان کے اموال و احوال میں اپنا احسان فرما دے۔ آمین۔ وصلی اللّٰہ تعالیٰ علی نبینا محمد و علی آلہ و صحبہ أجمعین والحمد للّٰه رب العالمین۔ تحریر شخبوط بن صالح بن عبدالہادی المري ۹؍ ۱۲؍۱۴۳۱ھ