کتاب: اپنے آپ پر دم کیسے کریں - صفحہ 12
، اور کبھی اس دعا و التجاء کو آخرت کے لیے ذخیرہ کردیا جاتا ہے۔ اور جو کچھ آخرت کے لیے ذخیرہ کردیا جائے وہ زیادہ پائیدار اور باقی رہنے والا ہوتا ہے۔ میں ایک زمانہ سے بھائیوں کی شکایات سن رہا تھا۔وہ اپنی پریشانیوں اور مصیبتوں کی بابت سوال کیا کرتے تھے۔ میں نے کوشش کی کہ یہ مسئلہ حل کرنے کی خاطر اپنے لیے اور اپنے بھائیوں کے لیے آیات اور احادیث جمع کردوں ۔ اس رسالہ کی اصل بنیاد اس کے نام: ’’ آپ اپنے آپ پر دم کیسے کریں ‘‘ سے بالکل واضح ہے۔ سب سے بہترین اور نفع بخش دم وہ ہے جو انسان خود آیات و عائیں پڑھ کر اپنے آپ پر دم کرتا ہے۔ واللہ اعلم ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضری کا شعور اور اللہ تعالیٰ سے پختہ تعلق ؛ اور اس کی جناب میں انسانی حاجت کے احساس کا کمال ؛ یہ تمام تر اُمور اجابت دعا کیاہم ترین اسباب و وسائل میں سے ہیں ۔ میں نے بھر پور کوشش کی ہے کہ اپنے بھائیوں کے دلوں میں یہ احساس پیدا کر سکوں کہ وہ خود اپنے آپ پر دم کریں ۔اور اس کے ساتھ ہی یہ بھی بیان کرنے کی کوشش کی ہے کہ مصیبت کے آنے سے پہلے کیسے دعا کی جائے۔ اور باقی تمام احوال میں کیسے اللہ تعالیٰ کا ذکر کرکے اس کی پناہ و امان حاصل کی جائے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جو کوئی اپنی حفاظت کے لیے اقدامات کرے وہ مصائب اور تکالیف کے پہنچنے سے محفوظ رہتا ہے۔ پس اسی لیے میں نے اس موضوع پر علیحدہ سے ایک کتابچہ تیارکیا ہے۔