کتاب: انوار المصابیح بجواب رکعات تراویح - صفحہ 86
مشروعیت بھی بنص قرآنی ہی ہوئی ہے۔ اب رہا یہ شبہہ کہ پھر سننت لکم قیامہ میں اس کی نسبت آنحصرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی طرف کیوں فرمائی ہے۔تو یہ باعتبار مشروعیت کے نہیں ہے۔کیونکہ یہ تو مسلم ہے کہ شارع حقیقتًا اللہ تعالیٰ ہی ہے بلکہ اس اعتبار سے ہے کہ عام تہجد سے زیادہ خصوصیت کے ساتھ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے قیام رمضان(تراویح)کی طرف لوگوں کو توجہ اور شوق دلایا ہے اس کے فضائل اور برکات بیان کیے ہیں تعداد رکعات اور کیفیتِ ادا وغیرہ کی تفصیلات بتائی ہیں۔حدیث میں ہے: عن ابی ہریرة قال کان رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وسلم یرغب فی قیام رمضان من غیر ان یامرہم فیہ بعزیمة فیقول من قام رمضان ایمانا واحتسابا فغر لہ ما تقدم من ذنبہ الحدیث(مسلم شریف جلد اول ص259) اس مضمون کی بہت سی حدیثیں موجود ہیں۔ لہٰذا اس دلیل سے تہجد او رتراویح کا دو جدا جدا نمازیں ہونا ثابت نہیں ہوتا۔ علامہ مئوی کی اس دلیل کا مقتضا تو یہ ہے کہ قیام لیلة القدر کو بھی قیام رمضان سے الگ کوئی نماز قرار دیا جائے کیونکہ اس کی مشروعیت اور مسنونیت کا ذکرخصوصی طور پر قیام رمضان سے الگ کیا گیاہے۔حالانکہ یہ ہداہةً باطل ہے پس جس طرح قیام لیلة القدر کا ذکر عام قیام رمضان سے الگ ہونے کی وجہ سے وہ کوئی جدا نماز نہیں ہے اسی طرح قیام رمضان تراویح کا ذکر تہجد سے الگ ہونے کی وجہ سے کوئی جدا نماز نہیں ہے۔