کتاب: علامہ ابن باز یادوں کے سفر میں - صفحہ 185
علمی دنیا کا ایک بلند مینا ر
(از:....مولانا فضل کریم عاصم؍ بانی مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ)
علامہ شیخ عبدالعزیزبن باز رحمہ اللہ اس جہاں فانی سے رخصت ہوگئے، ان کی وفات سے امت مسلمہ ایک عظیم سکالر اور پوری اسلامی دنیا کے ہمدرد سے محروم ہوگئی ہے، شیخ محترم نے اپنی تمام زندگی دین اسلام کی سر بلندی اور تمام دنیا میں اسلامی تنظیموں کی اخلاقی اور مالی امداد، قرآن وسنت کی تعلیمات کو عام کرنے اور ان کی دعوت وتبلیغ میں اور مسلمانوں کو سلف صالحین کے اصولوں اور طریقہ سے آگاہ کرنے کے لیے وقف کی ہوئی تھی۔
اللہ تعالیٰ نے مجھے متعدد بار ان کی خدمت میں حاضری اور ملاقات کا شرف بخشا، شیخ اپنی شخصیت کے لحاظ سے انتہائی بلند پایہ شخصیت تھے، بلکہ آپ کی شخصیت ہمہ صفت موصوف اور نابغہء روزگار تھی اور آپ علمی دنیا کے ایک بلند مینار تھے، جب بھی شیخ سے ملاقات ہوئی نہایت ہی ہمدردانہ طور پر برطانیہ کے مسلمانوں کے حالات دریافت فرماتے اور ہمیں نصیحت فرماتے کہ تم اللہ کی کتاب اور نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے داعی ہو، یورپ میں تمہیں انتہائی اخلاص اور محنت سے کام کرنا چاہیے، دیگر تنظیموں کے متعلق اور ان کے دینی کام کے متعلق بھی دریافت فرماتے، وہ تمام مسلمانوں کے دینی ومعاشی حالات سے پوری طرح آگاہ تھے، وہ ہمیشہ یہ آرزواور تمنا کرتے کہ کب وہ دن آجائے کہ اللہ تعالیٰ اپنی امداد سے نواز تے ہوئے مظلوم مسلمانوں کو کامیابی اور فتح سے ہمکنار فرمائے گا۔
یہ حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو قرآن وسنت کا وسیع علم عطا فرمایا تھا، علمی زندگی کے آغاز میں جب وہ دنیا کی سب سے بڑی دینی یونیور سٹی جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے وائس چانسلر مقرر ہوئے تو آپ نے دنیا کے بیشتر مسلم طلباء کو جامعہ میں داخلہ دیا اور ان کے بڑے