کتاب: الصادق الامین - صفحہ 34
نے اس کتاب کےحقوق اپنے لیٹر پیڈ پر لکھ کر مجھے دے دیے ،جس کے لئے میں ان کا ممنون ہوں۔ اللہ تعالیٰ ان کے علم اور مرتبہ میں اضافہ فرمائے۔
فکری لحاظ سے میں سلف صالحین کا منہج رکھتا ہوں۔ اپنے آپ کو اسلاف کا خادم سمجھتا ہوں۔ سعودی گورنمنٹ کا بھی بے حد احترام کرتا ہوں کیونکہ آج میں جو کچھ بھی ہوں وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کے بعد اس مملکت کا مرہونِ منت ہے، ورنہ میں گمراہی کے نچلے درجے پر تھا۔ اللہ تعالی اس مملکت کی حفاظت فرمائے ، آل سعود اور آل شیخ کی حسنات میں اضافہ فرمائے۔
کتاب کے اس ایڈیشن کی ایک خاص بات کا ذکر ضروری ہے کہ محترم پروفیسر عبدالجبار شاکر رحمۃ اللہ علیہ میں خدمت دین کا جذبہ اور سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے بے پناہ محبت تھی۔ ان کی سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا ثبوت ان کی زندگی کا نقش رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر ثابت قدم ہونا اور ان کی ذاتی لائبریری ’’بیت الحکمت‘‘ میں سیرت نبوی پر بہت سی قیمتی اور نایاب کتب کا ذخیرہ ہے۔ اُن کے با عمل بیٹے اسی محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو قائم رکھے ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ ’’بیت الحکمت‘‘ کے زیر اہتمام ہر سال ’’پروفیسر عبدالجبار شاکر سیرت ایوارڈ‘‘ منعقد ہوتا ہے ۔ جس میں پاکستان بھر سے سیرت نگار اپنی اہدائے عقیدت ِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اس مقابلے میں بھیجتے ہیں۔ہماری اس کتاب ’’الصادق الامین صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ نے اس سیرت ایوارڈ میں اوّل انعام حاصل کیا جو اس کتاب کا قیمتی اعزاز ہے۔
یہاں اس بات کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے کہ میں مکتبۃ الکتاب کے مدیر محترم عبدالرؤف صاحب کا بھی بے حد ممنون ہوں جنہوں نے کتاب پر بھر پور توجہ دی اور اس کی کمپوزنگ، پرنٹنگ، بائنڈنگ اور ٹائٹل ڈیزائننگ تک تمام مراحل کو اعلیٰ درجے کی حد تک لے گئے۔
سب سے آخر میں ،میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے ہمیں سیدھی راہ دکھائی اور اس ادارے کو قرآن و سنت کی کتب کی اشاعت کے لیے توفیق بخشی ۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس کتاب کو تمام قارئین کے لیے دین و دنیا میں نفع بخش بنائے، اور ادارے کے جملہ معاونین کے لیے ذخیرۂ آخرت۔ آمین
عبدالجلیل(ابوساریہ)
سعودی عرب
****