کتاب: الرحیق المختوم - صفحہ 672
گھرانے میں بنا یا، لہٰذا میں اپنی ذات کے اعتبار سے بھی سب سے اچھا ہوں ، اور اپنے گھرانے کے اعتبار سے بھی سب سے بہتر ہوں۔ [1]
بہر حال عدنان کی نسل جب زیادہ بڑھ گئی تو وہ چارے پانی کی تلاش میں عرب کے مختلف اطراف میں بکھر گئی، چنانچہ قبیلہ عبد القیس نے ، بکر بن وائل کی کئی شاخوں نے اور بنوتمیم کے خاندانوں نے بحرین کا رُخ کیا اور اسی علاقے میں جابسے۔
بنو حنیفہ بن صعب بن علی بن بکر نے یمامہ کا رُخ کیا اور اس کے مرکز حجر میں سکونت پذیر ہوگئے۔
بکر بن وائل کی بقیہ شاخوں نے یمامہ سے لے کر بحرین ، ساحل کاظمہ ، خلیج ، سواد عراق ، اُبُلَّہ اور ہِیت تک کے علاقوں میں بودوباش اختیار کی۔
بنو تغلب جزیرہ فراتیہ میں اقامت گزیں ہوئے، البتہ ان کی بعض شاخوں نے بنوبکر کے ساتھ سکونت اختیار کی۔
بنوتمیم نے بادیہ بصرہ کو اپنا وطن بنایا۔
بنو سلیم نے مدینہ کے قریب ڈیرے ڈالے۔ ان کا مسکن وادی القریٰ سے شروع ہو کر خیبر اور مدینہ کے مشرق سے گزرتا ہوا حرہ بنوسُلیم سے متصل دوپہاڑوں تک منتہی ہوتا تھا۔
بنو ثقیف نے طائف کو وطن بنایا اور بنو ہَوازن نے مکہ کے مشرق میں وادیٔ اوطاس کے گرد وپیش ڈیرے ڈالے۔ ان کا مسکن مکہ …بصرہ شاہراہ پر واقع تھا۔
بنو اسد تَیماء کے مشرق اور کوفہ کے مغرب میں خیمہ زن ہوئے۔ ان کے اور تیماء کے درمیان بنو طی کا ایک خاندان بحتر آباد تھا۔ بنو اسد کی آبادی اور کوفے کے درمیان پانچ دن کی مسافت تھی۔
بنو ذُبیان تیماء کے قریب حوران کے اطراف میں آباد ہو ئے۔
تہامہ میں بنو کنانہ کے خاندان رہ گئے تھے۔ ان میں سے قریشی خاندانوں کی بود وباش مکہ اور اس کے اطراف میں تھی۔ یہ لوگ پراگندہ تھے۔ ان کی کوئی شیرازہ بندی نہ تھی تا آنکہ قُصی بن کلاب ابھر کر منظر عام پر آیا اور قرشیوں کو متحد کر کے شرف و عزت اور بلندی ووقار سے بہرہ ور کیا۔ [2]
٭٭٭