کتاب: الرحیق المختوم - صفحہ 660
مدرسہ دار التعلیم کے سرپرست سے گفتگو کی کہ مجھے جامعہ سلفیہ منتقل کردیں جامعہ کی خیر خواہی اور دیرینہ روابط کے پیش نظر بات طے ہوگئی۔ اور میں اکتوبر1976م میں جامعہ سلفیہ آگیا۔ جب سے یہیں کام کررہا ہوں۔ تالیفات: تعلیم مکمل کرنے کے بعد میں نے اس طویل عرصے میں درس و تدریس کے پہلوبہ پہلو تالیف و تصنیف کا بھی کچھ نہ کچھ شغل جاری رکھا۔ چنانچہ مختلف مضامین و مقالات کے علاوہ اب تک آٹھ عدد(بلکہ اب کوئی بیس عدد)کتابوں اور رسائل کی تالیف یا ترجمے کاکام بھی ہوچکا ہے، جو یہ ہیں۔ (1)شرح ازہارالعرب(عربی)ازہار العرب علامہ محمد سورتی رحمہ اللہ کا جمع کردہ نفیس عربی اشعار کا ایک منتخب اور ممتاز مجموعہ ہے۔ شرح 1962م میں لکھی گئی ، مگر قدرے ناقص رہی۔ اور طبع نہیں کرائی جاسکی۔ (2)المصابیح فی مسالتہ التراویح للسیوطی کا اردو ترجمہ (1963م)چند بار طبع ہوچکا ہے۔ (3)ترجمہ الکلم الطیب لابن تیمیہ رحمتہ اللہ علیہ (1966م)غیر مطبوع۔ (4)ترجمہ و توضیع کتاب الاربعین للنووی (1969م)غیر مطبوع۔ (5)صحف یہودونصاری میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق بشارتیں (اردو،1970م)غیر مطبوع۔ (6)تذکرہ شیخ السلام محمد بن عبد الوہاب رحمتہ اللہ علیہ (1972م)یہ کتاب تین بار طبع ہوچکی ہے۔ یہ اصلا محکمہ شرعیہ قطر کے قاضی شیخ احمد بن حجر کی عربی تالیف کا ترجمہ ہے۔ لیکن اس میں کسی قدر ترمیم و اضافہ کیا گیا ہے۔ (7)تاریخ آل سعود(اردو، 1972م)تذکرہ شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب کے پہلے اور دوسرے ایڈیشن کے ساتھ شائع ہوچکی ہے۔ (8)اتحاف الکرام تعلیق بلوغ المرام لابن حجر عسقلانی(عربی 1974م)مطبوع۔ (9)قادیانیت اپنے آئینہ میں(اردو1976م)مطبوع۔ (10)فتنہ قادیانیت اور مولاناثنا ء اللہ امرتسری (اردو 1976م)مطبوع۔ (11)پیش نظر کتاب جو رابطۂ عالم اسلامی میں پیش کرنے کے لیے تالیف کی گئی (اور اس کے بعد مزیدچند رسالے سپردقلم کیے گئے جو یہ ہیں۔ (12)انکار حدیث کیوں؟ (اردو1976م) مطبوع۔ (13)انکار حدیث حق یا باطل(اردو 1977م)مطبوع۔ (14)رزم حق و باطل (مناظرہ بجرڈیہہ کی روداد 1978م)مطبوع۔