کتاب: الرحیق المختوم - صفحہ 652
رابطہ نے ان مقالات کو جانچنے اور استحقاقِ انعام کے لحاظ سے ان کی ترتیب قائم کرنے کے لیے کبار علماء کی ایک کمیٹی تشکیل دی اور انعام پانے والوں کی ترتیب یہ رہی :
1۔ پہلا انعام : شیخ صفی الرحمن مبارکپوری ، جامعہ سلفیہ ، ہند۔ پچاس ہزار سعودی ریال۔
2۔ دوسرا انعام : ڈاکٹر ماجد علی خاں ، جامعہ ملیہ اسلامیہ ، نئی دہلی ، ہند۔ چالیس ہزارسعودی ریال۔
3۔ تیسرا انعام : ڈاکٹر نصیر احمد ناصر ، صدر جامعہ اسلامیہ ، بہاوّلپور ، پاکستان۔ تیس ہزار سعودی ریال۔
4۔ چوتھا انعام : استاد حامد محمود محمد منصور لیمود، مصر ، بیس ہزار سعودی ریال۔
5۔ پانچواں انعام : استاد عبد السلام ہاشم حافظ ، مدینہ منورہ ، مملکت سعودیہ عربیہ۔ دس ہزار سعودی ریال۔
رابطہ نے ان کامیاب افراد کے ناموں کا اعلان ، ماہ شعبان ۱۳۹۸ھ میں کراچی (پاکستان) کے اندر منعقد پہلی ایشیائی اسلامی کانفرنس میں کیا اور اشاعت کے لیے تمام اخبارات کو اس کی اطلاع بھیج دی۔
پھر تقسیم انعامات کے لیے رابطہ نے مکہ مکرمہ میں اپنے مستقر پر امیر سعود بن عبد المحسن بن عبد العزیز کی سرپرستی میں سنیچر۱۲/ ربیع الآخر ۱۳۹۹ھ کی صبح ایک بڑی تقریب منعقد کی۔ امیر سعود مکہ مکرمہ کے گورنر امیر فواز بن عبدالعزیز کے سکریٹری ہیں اور اس تقریب میں ان کے نائب کی حیثیت سے موصوف نے انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر رابطہ کے سیکرٹریٹ کی طرف سے یہ اعلان بھی کیا گیا کہ ان کامیاب مقالات کو مختلف زبانوں میں طبع کراکر تقسیم کیا جائے گا۔ چنانچہ اس کو روبہ عمل لاتے ہوئے شیخ صفی الرحمن مبارکپوری جامعہ سلفیہ ہند کا (عربی) مقالہ سب سے پہلے طبع کراکر قارئین کی خدمت میں پیش کیا گیا، کیونکہ موصوف ہی نے پہلا انعام حاصل کیا ہے۔ اس کے بعد بقیہ مقالے بھی ترتیب وار طبع کیے جائیں گے۔
اللہ سبحانہ و تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے اعمال اپنے لیے خالص بنائے اور انہیں شرفِ قبولیت سے نوازے۔ يقيناً وہ بہترین مولیٰ اور بہترین مدد گار ہے۔ وصلی اللّٰہ علی سیدنا محمد وعلی آلہ وصحبہ وسلم۔
محمد بن علي الحرکان
سیکرٹری جنرل رابطۂ عالم اسلامی
مکہ مکرمہ
٭٭٭