کتاب: الرحیق المختوم - صفحہ 651
یہ گراں مایہ محبت ہمیشہ مسلمانوں کا سرمایۂ دل وجان رہی اور اسی کے افق سے سیرت نبویہ شریفہ کی پہلی کانفرنس کا نور پھوٹا۔ یہ کانفرنس ۱۳۹۶ ھ میں پاکستان کی سرزمین پر منعقد ہوئی اور رابطہ نے اس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ذیل کی شرائط پر پورے اترنے والے سیرت کے پانچ سب سے عمدہ مقالات پر ڈیڑھ لاکھ سعودی ریال کے مالی انعامات دیے جائیں گے۔ شرائط یہ ہیں :
1۔ مقالہ مکمل ہو اور اس میں تاریخی واقعات زمانۂ وقوع کے لحاظ سے ترتیب وار بیان کیے گئے ہوں۔
2۔ مقالہ عمدہ ہو اور اس سے پہلے شائع نہ کیا گیا ہو۔
3۔ مقالے کی تیاری میں جن مخطوطات اور علمی مآخذ پر اعتماد کیا گیا ہو ان سب کے حوالے مکمل دیے گئے ہوں۔
4۔ مقالہ نگار اپنی زندگی کے مکمل اور مفصل حالات قلم بند کرے اور اپنی علمی اسناد اور اپنی تالیفات کا ۔اگر ہوں تو ۔ ذکر کرے۔
5۔ مقالے کا خط صاف اور واضح ہو بلکہ بہتر ہوگا کہ ٹائپ کیا ہوا ہو۔
6۔ مقالے عربی اور دوسری زندہ زبانوں میں قبول کیے جائیں گے۔
7۔ یکم ربیع الثانی ۱۳۹۶ ھ سے مقالات کی وصولی شروع کی جائے گی اور یکم محرم ۱۳۹۷ھ کو ختم کردی جائے گی۔
8۔ مقالات رابطۂ عالم اسلامی مکہ مکرمہ کے سیکرٹریٹ کو مہر بند لفافے کے اندر پیش کیے جائیں۔ رابطہ ان پر اپنا ایک خاص نمبر شمار ڈالے گا۔
9۔ اکابر علماء کی ایک اعلیٰ کمیٹی تمام مقالات کی چھان بین اور جانچ پڑتال کرے گی۔
رابطہ کا یہ اعلان محبت نبویؐ سے سرشار اہل علم کے لیے مہمیز ثابت ہوا اور انھوں نے اس مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ادھر رابطۂ عالمِ اسلامی بھی عربی ، انگریزی، اُردو اور دیگر زبانوں میں مقالات کی وصولی اور استقبال کے لیے تیار تھا۔
پھر ہمارے محترم بھائیوں نے مختلف زبانوں میں مقالات بھیجنے شروع کیے ، جن کی تعداد ۱۷۱تک جا پہنچی۔ ان میں ۸۴ مقالے عربی زبان میں تھے۔ ۶۴ اُردو میں، ۲۱ انگریزی میں، ایک فرانسیسی میں اور ایک ہوسا زبان میں۔
[1] خلاصۃ السیر ص ۲۲