کتاب: الرحیق المختوم - صفحہ 1278
أمین مصطفی بالخیر یدعو کضوء البدر زایلہ الظلام [1] ’’آپ امین ہیں چنیدہ وبرگزید ہ ہیں۔ خیر کی دعوت دیتے ہیں۔ گویا ماہ کامل کی روشنی ہیں۔ جس سے تاریکی آنکھ مچولی کھیل رہی ہے۔‘‘ حضرت عمر رضی اللہ عنہ زُہیر کا یہ شعر پڑھتے جو ہرم بن سنان کے بارے میں کہا گیا تھا کہ لو کنت من شئ سوی البشر کنت المضئ للیلۃ البدر ’’اگر آپ بشر کے سوا کسی اور چیز سے ہوتے تو آپ ہی چودھویں کی رات کو روشن کرتے۔‘‘ پھر فرماتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسے ہی تھے۔‘‘[2] جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم غضب ناک ہوتے تو چہرہ سرخ ہوجاتا گویا دونوں رخساروں میں دانۂ انار نچوڑ دیا گیا ہے۔[3] حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پنڈلیاں قدرے پتلی تھیں۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہنستے تو صرف تبسم فرماتے (آنکھیں سرمگیں تھیں ) تم دیکھتے تو کہتے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آنکھوں میں سرمہ لگا رکھا ہے حالانکہ سرمہ نہ لگا ہو تا۔[4] حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کا ارشاد ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آگے کے دونوں دانت الگ الگ تھے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم گفتگو فرماتے تو ان دانتوں کے درمیان سے نور جیسا نکلتا دکھائی دیتا۔[5] گردن گویا چاندی کی صفائی لیے ہوئے گڑیا کی گردن تھی، پلکیں طویل، داڑھی گھنی ، پیشانی کشادہ ، ابرو پیوستہ اور ایک دوسرے سے الگ ، ناک اونچی ، رخسار ہلکے ، لبہ سے ناف تک چھڑی کی طرح دوڑا ہوا بال ، اور اس کے سوا شکم اور سینے پر کہیں بال نہیں ، البتہ بازو اور مونڈھوں پر بال تھے ، شکم اور سینہ برابر ، سینہ مسطح اور کشادہ ، کلائیاں بڑی بڑی ، ہتھیلیاں کشادہ ، قد کھڑا ، تلوے خالی ، اعضاء بڑے بڑے ، جب چلتے تو جھٹکے کے ساتھ چلتے ، قدرے جھکاؤ کے ساتھ آگے بڑھتے ، اور سہل رفتارسے چلتے۔ [6] حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے کوئی حریر ودیبا ج نہیں چھویا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلی سے نرم رہا ہو۔ اور نہ کبھی کوئی عنبر یا مشک یا کوئی ایسی خوشبو سونگھی جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خوشبو سے بہتر رہی ہو۔[7] حضرے ابو جحیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہاتھ اپنے چہرہ پر رکھا تو وہ برف سے زیادہ ٹھنڈا اور مشک سے زیادہ خوشبو دار تھا۔[8] حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ ____جو بچے تھے ____کہتے ہیں : آ پ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے رخسار پر ہاتھ پھیرا تو میں نے