کتاب: الرحیق المختوم - صفحہ 1276
حضرت علی رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصف بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : آپ نہ لمبے تڑنگے تھے نہ ناٹے کھوٹے ، لوگوں کے حساب سے درمیانہ قد کے تھے ، بال نہ زیادہ گھنگریالے تھے نہ بالکل کھڑے کھڑے ، دونوں کے بیچ بیچ کی کیفیت تھی ، رخسار نہ بہت زیادہ پُر گوشت تھا ، نہ ٹھڈی چھوٹی اور پیشانی پست ، چہرہ کسی قدر گولائی لیے ہوئے تھا۔ رنگ گورا گلابی، آنکھیں سرخی مائل ، پلکیں لمبی ، جوڑوں اور مونڈھوں کی ہڈیاں بڑی بڑی ، سینہ پر ناف تک بالوں کی ہلکی سی لکیر ، بقیہ جسم بال سے خالی ، ہتھیلی اور پاؤں پر گوشت ، چلتے تو قدرے جھٹکے سے پاؤں اٹھا تے۔ اور یوں چلتے گویا کسی ڈھلوان پر چل رہے ہیں، جب کسی طرف ملتفت ہوتے تو پورے وجود کے ساتھ ملتفت ہوتے ، دونوں کندھوں کے درمیان مہر نبوت تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سارے انبیاء کے خاتم تھے۔ سب سے زیادہ سخی دست اور سب سے بڑھ کر جرأت مند، سب سے زیادہ صادق اللہجہ اور سب سے بڑھ کر عہد وپیمان کے پابندِ وفاء۔ سب سے زیادہ نرم طبیعت اور سب سے شریف ساتھی۔ جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اچانک دیکھتا ہیبت زدہ ہوجاتا۔ جوجان پہچان کے ساتھ ملتا محبوب رکھتا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصف بیان کر نے والا یہی کہہ سکتا ہے کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم جیسا نہیں دیکھا۔[1]
حضرت علی رضی اللہ عنہ کی ایک روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سر بڑا تھا۔ جوڑوں کی ہڈیاں بھاری بھاری تھیں۔ سینے کے درمیان بال کی لمبی لکیر تھی۔ جب آپ چلتے تو قدرے جھک کرچلتے گویا کسی ڈھلوان سے اتر رہے ہیں۔[2]
حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دہانہ کشادہ تھا۔ آنکھیں ہلکی سُرخی لیے ہوئے ، اور ایڑیاں باریک۔[3]
حضرت ابو الطفیل کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم گورے رنگ ، پُر ملاحت چہرے اور میانہ قدر وقامت کے تھے۔[4]
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کا ارشاد ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہتھیلیاں کشادہ تھیں ، اور رنگ چمکدار ، نہ خالص سفید ، نہ گندم گوں، وفات کے وقت تک سر اور چہرے کے بیس بال بھی سفید نہ ہوئے تھے۔[5]صرف کنپٹی کے بالوں میں سفیدی تھی ، اور چند بال سر کے سفید تھے۔ [6]
حضرت ابوجُحَیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے آ پ صلی اللہ علیہ وسلم کے نچلے ہونٹ کے نیچے عنفقہ (داڑھی بچہ ) میں سفیدی دیکھی۔[7]
حضرت عبد اللہ بن بسر رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے عنفقہ (داڑھی بچہ ) میں چند بال سفید تھے۔[8]