کتاب: الرحیق المختوم - صفحہ 1266
بھائی سکران بن عَمرو کے عقد میں تھیں۔ اور وہ انہیں بیوہ چھوڑ کر انتقال کر چکے تھے۔ حضرت سودہ کی وفات شوال ۵۴ ھ میں مدینہ کے اندر ہوئی۔
۳۔ حضرت عائشہ صدیقہ بنت ابی بکر صدیق رضی اللہ عنہا :ان سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت کے گیارھوں برس ماہ شوال میں شادی کی، یعنی حضرت سودہ رضی اللہ عنہا سے شادی کے ایک سال بعد۔ اور ہجرت سے دوبرس پانچ ماہ پہلے۔ اس وقت ان کی عمر چھ برس تھی۔ پھر ہجرت کے سات ماہ بعد شوال ۱ ھ میں انہیں رخصت کیا گیا۔ اس وقت ان کی عمر نو برس تھی۔ اور وہ باکرہ تھیں۔ ان کے علاوہ کسی اور باکرہ عورت سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے شادی نہیں کی۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے محبوب بیوی تھیں۔ اور امت کی عورتوں میں علی الاطلاق سب سے زیادہ فقیہ اور صاحب علم تھیں
۴۔ حضرت حفصہ بنت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہا : ان کے پہلے شوہر خنیس بن حذافہ سہمی رضی اللہ عنہ تھے جو بدر اور احد کے درمیانی عرصہ میں رحلت کر گئے اور وہ بیوہ ہوگئیں۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے شادی کرلی ، شادی کا یہ واقعہ ۳ ھ کا ہے۔
۵۔حضرت زینب بنت خزیمہ رضی اللہ عنہا :یہ قبیلہ بنو ہلال بن عامر بن صَعْصَعہ سے تعلق رکھتی تھیں۔ مسکینوں پر رحم ومروت اوررقّت ورأفت کے سبب ان کا لقب اُمّ المساکین پڑ گیا تھا۔ یہ حضرت عبد اللہ بن جحش رضی اللہ عنہ کے عقد میں تھیں۔ وہ جنگ اُحد میں شہید ہوگئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ۴ ھ میں ان سے شادی کرلی۔ مگر صرف تین ماہ یا آٹھ ماہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجیت میں رہ کر ربیع الآخر یا ذی قعدہ ۴ ھ میں وفات پاگئیں۔
۶۔ اُمّ سَلَمہ ہند بنت ابی امیہ رضی اللہ عنہا : یہ ابو سلمہ رضی اللہ عنہ کے عقد میں تھیں۔ جمادی الآخر ۴ ھ میں حضرت ابو سلمہ رضی اللہ عنہ کا انتقال ہو گیا توان کے بعد شوال ۴ ھ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے شادی کرلی۔
۷۔ زینب بنت جحش بن ریاب رضی اللہ عنہا :یہ قبیلہ بنو اسد بن خزیمہ سے تعلق رکھتی تھیں۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پھوپھی کی صاحبزادی تھیں۔ ان کی شادی پہلے حضرت زید بن حارثہ سے ہوئی تھی۔ جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بیٹا سمجھا جاتا تھا۔ لیکن حضرت زید رضی اللہ عنہ سے نباہ نہ ہوسکا اور انہوں نے طلاق دیدی۔ خاتمہ ٔ عدت کے بعد اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب کرتے ہوئے یہ آیت نازل فرمائی:﴿ فَلَمَّا قَضَى زَيْدٌ مِنْهَا وَطَرًا زَوَّجْنَاكَهَا﴾ (۳۳: ۳۷) ’’جب زید نے ان سے اپنی ضرورت ختم کر لی تو ہم نے انہیں آپ کی زوجیت میں دے دیا۔‘‘
انہیں کے تعلق سے سورۂ احزاب کی مزید کئی آیا ت نازل ہوئیں جن میں مُتَبنّیٰ (لے پالک )