کتاب: الابانہ عن اصول الدیانہ - صفحہ 9
کتاب: الابانہ عن اصول الدیانہ مصنف: امام ابو الحسن اشعری پبلیشر: سلفی ریسرچ انسٹیٹوٹ ترجمہ: ابو محمد موہب الرحیم مقدمہ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ہم عقیدہ کی پانچویں نادر اور قیمتی کتاب اردو زبان میں بہترین ترجمہ ،تحقیق اور تعلیق کے ساتھ قارئین تک پہنچانے کی سعادت حاصل کررہے ہیں ۔ہماری یہ کوشش ہے کہ سلف کی نادر کتب کو عام کیا جائے ۔ہماری پہلی تمام مطبوعہ کتب (رسالہ نجاتیہ ،اصول السنہ للحمیدی ،مجموعہ مقالات اصول السنہ لامام احمد بن حنبل ،عقیدۃ السلف و اصحاب الحدیث للصابونی،نصیحتیں میرے اسلاف کی ،تخریج و تحقیق کے اصول و ضوابط اور نکاح و طلاق کے اصول وضوابط )کو بھی قارئین نے محبت کی نگاہ سے دیکھا اور اللہ تعالیٰ نے انھیں قبولِ عامہ عطافرمایا ۔والحمدللہ یہ کتاب امام ابوالحسن اشعری رحمہ اللہ کی عقیدہ کے موضوع پر ایک بے مثال کتاب ہے جس کو مصنف کے تالیف کرنے سے لے کر آج تک ہر زمانے میں بہت عروج حاصل رہا اور یہ کتاب ایک مرجع کی کتاب کی حیثیت رکھتی ہے ۔جس کے حوالے ہزاروں کتب میں ملتے ہیں ۔ یہ کتاب اس دور کے فرق باطلہ ،جہمیہ ،معتزلہ وغیرہ کے باطل شبہات کا مدلل و مبرھن رد پرمشتمل ہے ۔امام اشعری رحمہ اللہ نے ان کے ہر ہر باطل اعتراضات و اشکالات کا دندان شکن جواب دیا ہے۔ ہمارے ناقص علم کے مطابق اس کا اردو میں پہلا ترجمہ ہمیں پیش کرنے کی سعادت مل رہی ہے ۔اردو ترجمہ کے لیے ہم نے محترم ابو محمد موھب الرحیم حفظہ اللہ کا انتخاب کیا ۔اللہ تعالیٰ نے محترم کو ایک بہت بڑی لائبریری’’المکتبۃ السلفیہ ‘‘شیش محل روڈ لاہور میں اپنی خدمات سرانجام دینے کی توفیق عطافرمائی ۔جہاں شب و روز کے مطالعہ نے ان کے اندر رسوخ فی العلم پیدا کیا اور مطالعہ کتب ان کا مشغلہ ہے ۔فاضل مترجم نے کتاب کا نہایت سلیس