کتاب: البیان شمارہ 9-10 - صفحہ 23
تمہید وتعارف المدینہ اسلامک ریسرچ سینٹر شہر کراچی میں قائم ایک تعلیمی،تحقیقی ،دعوتی وتبلیغی اور رفاہی ادارہ ہے جو فاضلین اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ کے تحت بحمد اللہ وتوفیقہ دین خنیف کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ سینٹر کے شعبہ دعوت وتبلیغ کے تحت سیرتِ رحمۃ للعلمین صلی اللہ علیہ وسلم نمائش کا انعقاد کیا گیا،سیرت رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کو دورِ حاضر کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک جدید،منفرد وباوقار طریقہ سے نمائش کے انداز میں پہلی بار شہر کراچی میں پیش کیا گیا جو کہ پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی منفرد نمائش تھی۔ نمائش کا انعقاد و افتتاح دوروزہ 1فروری صبح 11بجے تادو 2فروری رات 10بجے،کراچی کے اہم تجارتی مرکز طارق روڈ پرواقع مغلِ اعظم لان میں منعقد کی گئی۔ نمائش کا افتتاح المدینہ اسلامک سینٹر کے سرپرست اعلی فضیلۃ الشیخ علامہ عبد اللہ ناصر رحمانی حفظہ اللہ نے کیا۔ الشیخ حفظہ اللہ کا شمار پاکستان کے معروف وکبار اہل علم میں ہوتا ہے ،آپ امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی ریاض سے فارغ التحصیل ہیں اور شہر کراچی کے معروف دینی مرکز ’’المعھد السلفی للتعلیم والتربیۃ ‘‘کے بانی ورئیس اور شیخ الحدیث ہیں۔