کتاب: البیان شمارہ 21 - صفحہ 79
الشیخ علامہ عبداللہ ناصر الرحمانی بھی سزاوار تحسین و شکریہ ہیں جنہوں نے ہماری درخواست پر نہایت وقیع مقدمہ تحریر فرما کر راقم کی بھی اور ادارے کی بھی قدر افزائی فرمائی، جس سے یقیناً کتاب کی اہمیت اور قدرو قیمت بھی دوچند ہوگئی،فجزاہ اللّٰہ احسن الجزاء وبارک فی علمہ وجھودہ۔ تیسرے نمبر پر وحید احمد صاحب کا شکریہ ، یہ صاحب ایک تجارت پیشہ دوست ہیں لیکن مطالعہ اور کتب بینی کا شوق فراواں رکھتے ہیں ، برصغیر پاک و ہند کی علمی کتابوں پر ان کی نظر ہے اور وہ ان کے زیر مطالعہ رہتی ہیں ۔ انہوں نے کتابوں کی فراہمی ، بالخصوص فراہی صاحب کی تالیفات اور ان کی مدح و تنقید پر لکھا گیا لٹریچر میں بہت تعاون کیا ، ورنہ راقم عمر اور صحت کے جس مرحلے میں ہے، اس کےلیے ان کا حصول یا ان تک رسائی تقریبا ًناممکن تھی ، ان کے خصوصی تعاون نے یہ مرحلہ ہفت خواں آسانی سی طے کروا دیا جس پر وہ بجاطور پر زیادہ سے زیادہ شکریے کے مستحق ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان کو ان کے اس علمی اور بے لوث تعاون کی بہترین جزا دنیا و آخرت میں عطا فرمائے۔ آمین۔