کتاب: البیان شمارہ 11 - صفحہ 28
تزکیہ نفس رمضان المبارک کے مہینے میں ہمارے اسلاف کرام شب وروزکیسے گذارتےتھے ؟ جمشید سلطان اعوان[1] رمضان کریم کا مہینہ جب آتا ہے تو اپنے ساتھ اطاعت کا موسم بھی لاتا ہے جس میں درجات کی بلندی، حسنات و نیکیوں کا حصول آسمان وزمین کے مالک وخالق کے قرب کا حصول بھی آسان کردیتا ہے۔ اس مہینےمیں مسلمانوں کے دل ایمان سے معمور ہوتے ہیں اور فسق و فجور سے تطہیر اور تزکیہ نفس حاصل ہوجاتا ہے یہ وہ مہینہ ہے جس میں نیکیوں کی قدرو منزلت میں بھی اضافہ کردیا جاتا ہے اور اعمال صالحہ کو قبول حاصل ہوتا ہے ، پچھلے گناہوں اور لغزشوں کی بخشش کا موقع بھی فراہم کیا جاتاہے ،چنانچہ یہ وہ مہینہ ہے جس کی قدرو منزلت اللہ تعالی کے ہاں بہت ہی بلند و اعلیٰ ہے۔رمضان کا مہینہ قرآن کا مہینہ کہلاتا ہے اس مہینہ میں ایک رات ایسی بھی ہے جس کو اللہ تعالی نے ہزار سال سے بہتر قرار دیا ہے، اس مہینہ میں جنت کے دروازے کھول دئیےجاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کردئے جاتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اس مبارک مہینہ کے لئے پہلے سے تیاری فرمایا کرتے تھے ۔ ہمارے پیارے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معمول یہ ہوتا کہ جب رمضان کا مہینہ داخل ہوتاآپ عبادت کیلئے کمر کس لیتے ، دنیا سےکنارہ کش ہوتے اور واحد ویکتا مالک کے حضور عبادت کیلئے کمر بستہ ہوجاتے یہی حال صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اور ان کے بعد ہمارے اسلاف کا تھا ۔
[1] فاضل مدینہ یونیورسٹی