کتاب: جدید معیشت،تجارت مروجہ اسلامی بینکاری میزان شریعت میں خصوصی اشاعت - صفحہ 52
معیشت واقتصاد
اسلامی نظام معیشت کی خصوصیات
فضیلۃ الشیخ عبد الحمید ازہر حفظہ اللہ [1]
عصر حاضر کو ترقی کا دور کہا جاتا ہے اور کچھ غلط بھی نہیں ہے سائنسی اکتشافات کا سلسلہ بلا توقف جاری ہے ۔ ایجادات کا سیل رواں ہے تھمنے میں نہیں آتا ۔ وسائل سفر سے لے کر ذرائع ابلاغ تک میں انقلاب آچکا ہے ۔زمین اپنے خزانے اگل رہی ہے یا اس سے اگلوائے جارہے ہیں۔ اناج ،سبزیاں پھل اور میوے اسقدر بہتات سے ہیں کہ انباروں میں سما نہیں سکتے ذخیرہ کرنے پڑتے ہیں لیکن ہر چیز کی فراوانی کے پہلو بہ پہلو انسانی محرومی کی بھی کوئی حد نہیں ۔ آدمیت سسک رہی ہے جذبات سلگ رہے ہیں ۔غریب غربت کے بوجھ تلے دب رہا ہے اور سرمایہ دار بے مقصدیت کے عذاب و اذیت سے گذر رہا ہے ۔ یہ نہیں کہ حالت میں تبدیلی کی کوشش نہیں ہوئی تاریخ شاہد ہے کہ احساسات اور جذبات نے کئی مرتبہ طوفان کی شکل اختیار کی لیکن صورت حال کچھ یوں ہی رہی ۔
؎ سو بار تیرا دامن ہاتھوں میں مرے آیا
جب آنکھ کھلی دیکھا تو اپنا ہی گریباں تھا
[1] الدعوۃ سینٹر، اسلام آباد