کتاب: جدید معیشت،تجارت مروجہ اسلامی بینکاری میزان شریعت میں خصوصی اشاعت - صفحہ 192
ضمانت کی ممکنہ مشتملات وجزئیات کیا ہو سکتی ہیں؟ اس ضمانت کو کن اصولوں کے مطابق جاری کیا جاتا ہے ؟ اس کی میعاد کتنی ہو سکتی ہے ؟ اور کیا اس کی تجدید ممکن ہے؟ اور سب سے اہم ترین امر یہ کہ احکامِ شریعت کی رو سے اس کے مکمل خدوخال کیا ہو سکتے ہیں۔ موضوع کی مناسبت سے بحث کو دو ابواب میں بیان کیا جا رہا ہے جن کی تفصیل کچھ یوں ہے : پہلا باب درجِ ذیل نکات پر مشتمل ہے : ٭ بینک گارنٹی کی تعریف٭ مستفید کی نوعیت ٭ گارنٹی کا مقصد ٭گارنٹی اجراء کا طریقہ کار٭گارنٹی کی انواع واقسام دوسرا باب :بنک گارنٹی کی شرعی حیثیت پہلا مبحث : بینک گارنٹی [1] بینک گارنٹی لیٹر کی حقیقت گارنٹی لیٹر ایک ایسا قطعی وعدہ ہےجو محدود وقت کے لیے ناقابل واپسی ہے اور جو بینک کی جانب سے اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب کوئی کاروباری فریق دوسرے فریق کے ساتھ مالی یا لین دین کے معاملات طے کرتے وقت ضمانت طلب کرتا ہے۔ یہ ضمانت کسی ٹینڈر کے حوالے سے ہو یا کسی منصوبہ کے آغاز کے حوالے سےاس میں دونوں شامل ہیں اور اس کا اصل مقصد مستفید کے لیے معاہدہ کی پابندی کروانا ہے تاکہ اگر کلائنٹ یعنی فریق اول طے شدہ معاہدہ کی پابندی کرنے میں کوتاہی سے کام لے یا منصوبہ کی تکمیل کے حوالے سے قوانین کی پابندی نہ کرے تو ایسی کیفیت میں بینک فریق اول سے اس معاہدہ کی پابندی کرواتا ہے ۔
[1] درج بالا مبحث کی تیاری کے حوالے سے سعودی عرب مانیٹری ایجنسی کے تعارفی نوٹ سے رجوع کیا گیا ہے ، جوکہ اس نے سعودی وزارت عدل کو مؤرخہ 28/ 03 / 1404 ھ ارسال کیا تھا ۔ نیز اس کے ساتھ کتاب المصارف مصنف غریب جمال ، اور البنک اللاربوي فی الاسلام مصنف محمد باقر الصدر ، اور الربا والمعاملات المصرفية مصنف شیخ عمر المترک رحمہ اللہ سے بھی مدد لی گئی ہے۔