کتاب: البیان شمارہ 18 - صفحہ 8
خست اور دنایت پر آمادہ کرے تو وہ عذابِ الٰہی بن جاتاہے ۔ اِسی طرح اولاد اگر صالح ہو تو اللہ کی دین ہے اور یہی اولاد اگر اللہ سے دُور ہٹادے اور حجاب بن جائے تو عذابِ الٰہی ہے ۔ ہاں اللہ کا عذاب کبھی مال اور اولاد کی صورت میںبھی ہوتاہے : {فَلَا تُعْجِبْكَ أَمْوَالُهُمْ وَلَا أَوْلَادُهُمْ إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُعَذِّبَهُمْ بِهَا فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا } [التوبة: 55]
’’ان کا مال ومنال اور اُن کی اولاد آپ کو حیرت میں نہ ڈالے ، یہ تو محض اِس لیے کہ اللہ اس دُنیا کی زندگی میں اُنہیں عذاب میں مُبتلا کرے ‘‘۔
طُغیانیاں اب بھی آتی ہیں ، طُوفان اب بھی اُٹھتے ہیں ، زلزلوں سے بستیاں اب بھی ویران ہوتی ہیں ، زمین میں بستیوں کے دھنس جانے کی خبریں اب بھی اخباروں ہم پڑھتے ہیں ، مگر ایک ایسی غفلت ہم پر چھاگئی ہے ، ایک ایسی قساوت دلوں پر طاری ہے کہ اِن بربادیوں کو دیکھتے ہیں ، تو کہتے ہیں کہ یہ محض اتفاقات ہیں ، جو اِس دُنیا میں رُونما ہوتے ہیں ۔ اللہ کہتاہے یہ محض اتفاقات نہیں ہیں :
{فَأَخَذْنَاهُمْ بِمَا كَانُوا يَكْسِبُونَ } [الا ٔعراف: 96]
’’ ہم نے اُن کی بد اعمالیوں کی پاداش میں انہیں چتھاڑا ‘‘
{فَمَا كَانَ اللَّهُ لِيَظْلِمَهُمْ وَلَكِنْ كَانُوا أَنْفُسَهُمْ يَظْلِمُونَ } [التوبہ: 70]
’’ اللہ کی شان کے تو یہ شایان نہ تھا کہ وہ بے سبب لوگوں پر ہلاکت اور تباہی لاتا، مگر وہ خود اپنی جانوں پر پیہم ظلم ڈھاتے رہے ‘‘۔
وہ لوگ جن کے مزاج پربہیمیت کا غلبہ ہوتاہے ، ہمیشہ سے عذاب ِ الٰہی کو اتفاق قرار دیتے رہے ہیں ۔ شیطان اُن کے جی میں وسوسہ ڈالتاہے کہ تم دانشور ہو ، عبقری ہو، عذاب وثواب توہمات کی باتیں ہیں اور بے وقوف لوگ ان توہمات کو مانتے ہیں ۔
{ قَالُوا أَنُؤْمِنُ كَمَا آمَنَ السُّفَهَاءُ أَلَا إِنَّهُمْ هُمُ السُّفَهَاءُ وَلَكِنْ لَا يَعْلَمُونَ } [البقرة: 13]
’’ اُنہوں نے کہا کیا ہم اِن باتوں کو مان جائیں ، جیسے یہ بے وقوف لوگ مانتے ہیں ، سُن لو یہ لوگ خود بے وقوف ہیں مگر انہیں وقوف نہیں کہ وہ بیوقوف ہیں ‘‘۔