کتاب: البیان شمارہ 18 - صفحہ 24
نصیحت کس کے لئے ہے؟
نصیحت ہر ایک کے لئے ہے جیساکہ مختلف احادیث سے یہ بات ثابت ہے: ایک صحابی جریر بن عبد اللہ بجلی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
’بَایَعْتُ النَّبِيَّ صلی اللہ علیہ وسلم عَلَی إِقَامَةِ الصَّلاةِ وَإِیْتَاءِ الزَّكَاةِ وَالنُّصْحِ لِكُلِّ مُسْلِمٍ۔[[1]
میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بات پربیعت کی کہ میں نماز قائم کروں گا، زکاۃ ادا کروں گا اور ہر مسلمان کو نصیحت کروں گا۔
ایک اور روایت میں ہے ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
’إِنَّ مِنْ أَعْظَمِ الْجِهَادِ كَلِمَةَ عَدْلٍ عِنْدَ سُلْطَانٍ جَائِرٍ‘
ترجمہ: ’’ظالم حکمران کے سامنے عدل کی بات کرنا بھی ایک عظیم جہاد ہے‘‘۔ [2]
ان احادیث کو سامنے رکھتے ہوئے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ موقع، محل، حکمت اور ضرورت کے حساب سے ہر شخص کو نصیحت کرنا ضروری ہے، خصوصاََ جو افراد جن لوگوں سے منسلک ہوتے ہیں یا زیادہ قریب ہوتے ہیں ان پر یہ ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔ بعض اوقات یہ خیال بھی آتا ہے کہ اگر میں نے اصلاح کی کوشش کی تو لوگ میرے دشمن بن جائیں گے اس وجہ سے میں کسی کو کچھ نہیں کہتا حالانکہ اللہ تعالی نے اس بات کی ضمانت دی ہے کہ وہ ان لوگوں کی مدد ضرور کرے گا جو اس کے دین کی مدد کریں گے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
[وَلَيَنْصُرَنَّ اللّٰهُ مَنْ يَّنْصُرُهٗ ۭ اِنَّ اللّٰهَ لَقَوِيٌّ عَزِيْزٌ ][الحج: 40]
ترجمہ: ’’اور اللہ ایسے لوگوں کی ضرور مدد کرتا ہے جو اس (کے دین) کی مدد کرتے ہیں ۔ اللہ یقینا بڑا طاقتور اور سب پر غالب ہے‘‘۔
[1] صحیح البخاری:كتاب الایمان،باب قول النبیﷺ الدین النصیحة،حدیث56
[2] سنن الترمذی:كتاب الفتن،باب ماجاء أفضل الجهاد كلمة عدل عند سلطان جائر،حدیث2174۔صحیح لغیره