کتاب: البیان شمارہ 16 - صفحہ 29
سیرت سید نا ابوبكر صديق رضی اللہ عنہ (حیات وفات ،دروس ونصیحتیں) عبد المجید محمد حسین بلتستانی[1] نام مبارک اورنسب: آپ نام ونسب یہ ہے:’’عبداللہ بن عثمان بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعدبن تیم بن مرہ بن کعب بن لؤی بن غالب بن فہر القرشی التیمی ‘‘۔آپ کانسب مبارک چھٹی پشت میں بہ واسطہ کعب بن مرہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جاملتاہے۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا اسم گرامی زمانۂ جاہلیت میں عبد رب الکعبہ تھا[2] اور ’’الإستيعاب في معرفة الأصحاب‘‘میں آپ کانام عبدالکعبہ مذکور ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تبدیل کرکے عبداللہ تجویز فرمایا: ’’عبد الله بن أبي قحافة أبو بكر الصديق رضي الله عنهما. كان اسمه في الجاهلية عبد الكعبة فسماه رسول الله ﷺعبد الله. هذا قول أهل النسب‘‘[3] آپ کے والد ماجد ابوقحافہ کانام "عثمان" تھا ،جن کا تعلق بنوتیم قبیلہ سے تھا اور نسب مبارک اس طرح ہے۔ ابوقحافه عثمان بن عامر بن عمرو بن کعب بن سعد بن مره بن کعب بن لوی بن غالب بن فهر القرشی التيمی ۔ آپ کی والدہٴ ماجدہ کا نام سلمی تھا ، ان کا نسب مبار ک اس طرح ہے ۔ سلمیٰ بنت صخر بن عمر وبن کعب بن سعد بن تيم ،اورکنیت ام الخیر تھی۔
[1] فاضل مدینہ یونیورسٹی [2] شرح مواہب زرقانی ،1/445۔ [3] الإستيعاب في معرفة الأصحاب،1/294۔