کتاب: البیان شمارہ 16 - صفحہ 109
احادیث کی تحقیق اور جانچ پرکھ بہت ضروری تھی لیکن یہ سعادت اللہ تعالیٰ نے مولانا جانباز مرحوم کے لیے مقدر کر رکھی تھی چنانچہ وہ اس کی شرح وتحقیق کے شرف سے مشرف ہوئے ۔ تقبل اللہ جھودہ المبارکۃ [1]
پروفیسر حافظ عبد الستار حامد وزیر آبادی حفظہ اللہ :
مولانا محمد علی جانباز رحمہ اللہ نے بہت سی تالیفات وتصنیفات علمی یادگار چھوڑی ہیں مگر سنن اربعہ میں سے ایک مشہور معروف کتاب’’انجاز الحاجہ شرح سنن ابن ماجہ ‘‘ ان کی بے مثال ولاجواب تصنیف اور عظیم علمی شاہکار ہے مولانا کی یہ کتاب 12 ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے جس کی ترتیب وتدوین میں مولانا جانباز رحمہ اللہ نے اپنی عمر عزیز کے قیمتی سال صرف کرکے بڑی محنت وجانفشانی اور حسن ترتیب سے علمی مواد جمع فرمایا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ خدمت حدیث کا پورا حق ادا کر دیا ہے ۔ جزاہ اللہ عنا وعن جمیع المسلمین[2]
مولانا حافظ ریاض احمد عاقب اثری حفظہ اللہ
انجاز الحاجہ بہت سی خصوصیات کی حامل شرح ہے مثلاً :
۱۔ مولانا جانباز نے رواۃ حدیث کا مختصر تعارف کرایا ہے جرح وتعدیل کی معتمد اور مستند کتب سے علمائے کرام اور محدثین عظام کے اقوال بیان کئے۔
۲۔ حدیث کی شرح بسط وتفصیل سے کی ہے فقہی مسائل کے استنباط،مشکل احدیث اور غریب حدیث کو بیان کرنے میں متقدمین ومتاخرین شارحین حدیث پر اعتماد کیا ہے مثلاً: امام خطابی،امام نووی،حافظ ابن حجر، علامہ عینی ، علامہ سیوطی، امام ابو بکر بن العربی، علامہ شمس الحق ڈیانوی، علامہ عبد الرحمن مبارک پوری، علامہ عبید اللہ رحمانی ، علامہ عطاء اللہ حنیف
[1] ایضاً : ص: 698
[2] ایضاً : ص: 708