کتاب: اخلاق و آداب - صفحہ 15
اسلامی اخلاق کے ضمن میں ہم اس کی ماہیت اور عقیدہ و عبادات کے ساتھ اس کے روابط اور اسلامی مکارم اخلاق کے بنیادی اصول و وسائل اور آخر میں انسان کا اپنی ذات کے ساتھ، دوسروں کے ساتھ اور اللہ تعالٰ کے ساتھ کسی بھی معاملے میں اخلاق کی اہمیت کا مطالعہ کریں اور میں ہر اس مسلمان مرد و زن سے امید رکھتا ہوں جو زندگی کے کسی شعبے میں کام کرتا ہو کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال و افعال اور تقریرات کی طرف رجوع کرے گا اور اس کے لیے وہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کو قدوہ بنائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
﴿ لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ لِّمَنْ کَانَ یَرْجُوا اللّٰہَ وَ الْیَوْمَ الْاٰخِرَ وَ ذَکَرَ اللّٰہَ کَثِیْرًاo﴾ (الاحزاب: ۲۱)
’’بلاشبہ یقینا تمہارے لیے اللہ کے رسول میں ہمیشہ سے اچھا نمونہ ہے، اس کے لیے جو اللہ اور یوم آخر کی امید رکھتا ہو اور اللہ کو بہت زیادہ یاد کرتا ہو۔‘‘
میں امید کرتا ہوں کہ میں نے اپنے اس عمل کے ذریعے اس میدان میں خدمت کا کچھ نہ کچھ حق ادا کیا ہے۔ تو اگر میں نے کوئی صحیح بات لکھی ہے تو وہ صرف اللہ تعالیٰ کے فضل و توفیق کے بل بوتے پر ہے اور اگر کوئی کمی رہ گئی ہے تو بہرحال انسان خطا کا پتلا ہے اور کمال صرف اللہ تعالیٰ واحد کو حاصل ہے۔
اسی طرح میں اس کتاب کے ہر قاری سے امید رکھتا ہوں کہ وہ اس میں جو نقص یا عیب دیکھے اس کی تصحیح کی طرف میری راہنمائی کرے اور اس کے اس عمل کا اجر و ثواب اور فضل اللہ تعالیٰ کے ہاں محفوظ ہو گا۔ پھر میری طرف سے اس کا شکر ادا کرنا اور اپنے دل میں اس کے لیے خاص مقام و منزل ہونا یقینی ہے۔
المؤلف