کتاب: ائمہ اربعہ کا دفاع اور سنت کی اتباع - صفحہ 13
کتاب: ائمہ اربعہ کا دفاع اور سنت کی اتباع
مصنف: نواب صدیق حسن خاں بھوپالی
پبلیشر: مکتبہ الفہیم مئوناتھ بھنجن یوپی انڈیا
ترجمہ: مولانا محمد اعظمی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عرض مترجم
الحمد للّٰہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی أشرف الأنبیاء والمرسلین
تیرہویں صدی ہجری کے مجدد علامہ نواب صدیق حسن خاں بھوپالی قنوجی رحمہ اللہ تعالی کی علمی ودینی خدمات جلیلہ اور ان کے تجدیدی کارنامے محتاج تعارف نہیں ہیں ، انہوں نے امت اسلامیہ کے لئے جو عظیم ونادر علمی خزانہ فراہم کیا ہے وہ اس قدر متنوع اور کثیر القدر ہے کہ محققین آج تک یقینی طور سے اور مکمل طور پر اس کا احصاء کرنے سے معذور ہیں ، ان کی تالیفات جن علمی لعل وگہر سے مرصع ہیں افسوس اہل علم نے ان کو پہچانا نہیں ، اور ان کی ناقدری اور اپنی بے ذوقی کا ثبوت دیا، مزید یہ کہ ان کی حفاظت اور اشاعت سے مجرمانہ بے اعتنائی برتی، لیکن الحمد للہ ماضی قریب سے احیاء التراث کی حس بیدار ہونا شروع ہوگئی ہے، اور ان کی کوششوں سے بعض کتابیں جدید تقاضوں کے مطابق معیاری طباعت سے آراستہ ہوکر شائع ہو رہی ہیں ، ادارۃ البحوث الاسلامیۃ ، جامعہ سلفیہ بنارس ، جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی کویت اور بعض پاکستانی مکتبات نے اس میدان میں قابل تحسین ولائق تبریک پیش رفت کی ہے، اللہ تعالی مزید توفیق عطا فرمائے۔
جمعیۃ احیاء التراث الاسلامی کویت میں محترم فضیلۃ الشیخ عارف جاوید محمدی حفظہ اللہ تعالی برصغیر کے مندوب ہیں ، اور احیاء التراث کے عمل میں بہت نشیط اور سرگرم ہیں ، ان کی سلفیت قابل رشک ہے، عربی ریاست اور عربی جمعیۃ میں رہتے ہوئے ان کے دل میں برصغیر کے سلفی علماء کی قلمی وعلمی نقوش کی اشاعت نو کے لئے سچی لگن وتڑپ ہے، ان کی