کتاب: ایک ہزار منتخب احادیث ماخوذ از بخاری شریف - صفحہ 8
بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم آداب طالب علم حدیث 1۔ نیت صحیح اور خالص ہو تا کہ ہمیشہ اﷲ کریم کی رضا مطلوب ہو۔ 2۔ علم حدیث کو صرف دنیاوی فائدہ کیلئے حاصل نہ کریں بلکہ اﷲ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کیلئے ہو۔ ژ جو احادیث سنے اور پڑھے ان پر عمل بھی کرے۔ 3۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا کرتا رہے کہ اسے اس مبارک علم کی توفیق حاصل رہے۔ حالات درست رہیں۔ کوئی رکاوٹ اور مشکل پیش نہ آئے۔ اور اﷲ رب ا لعزت ضبط و فہم حدیث میں اس کی خصوصی مدد فرماتے رہیں۔ اور اس کا خاتمہ ایمان کے ساتھ بحیثیت طالب علم حدیث ہو۔ 4۔ روزانہ کچھ نہ کچھ وقت (یا جتنا زیادہ ممکن ہو) حصول علم حدیث کو ضرور دے ترجیحاً کسی مستند و متّقی استاد کی شاگردی اختیار کرے۔ 5۔ اپنے استاد کی بے انتہا عزت کرے۔ اگر کبھی استاد سختی کرے تو برداشت و تحمل سے کام لے۔ 6۔ علم حدیث کو زیادہ سے زیادہ پھیلائے اور دوسروں سے چھپانے کی کوشش نہ کرے۔ لیکن جو بات معلوم نہ ہو وہ اندازہ یا اپنی رائے سے ہر گز نہ بتائے بلکہ یہ کہے کہ میں نہیں جانتا۔ 7۔ حصول علم میں شرم نہیں کرے جب بھی کوئی بات سمجھ میں نہ آئے تو پوچھے اور ہر حدیث کو اچھی طرح سمجھے۔ ” علم حدیث حاصل کرنے میں بخاری و مسلم کو ترجیح دے۔ اصطلاحاتِ حدیث تعریف حدیث:1۔ ’’ قولی حدیث ‘‘ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان۔ 2۔’’ فعلی حدیث ‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل 3۔اور ’’ تقریری حدیث‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اجازت ﴿تقریری حدیث اسکو کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں کوئی کام کیا گیا ہو اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس پر خاموش رہے ہوں اور منع نہ کیا ہو﴾