کتاب: ایک ہزار منتخب احادیث ماخوذ از بخاری شریف - صفحہ 269
﴿وضاحت:زبان کی حفاظت کرنی چاہئے۔اس کے لئے ضروری ہے کہ گفتگو سے پہلے اس کا وزن کرلیا جائے اگر اس میں کوئی مصلحت ہے تو بات کرے۔ بصورت دیگر خاموش رہے ﴾
889۔حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:۔ ’’ میں اور جو اﷲتعالیٰ نے مجھے دیکر بھیجا ہے اس کی مثال ایسی ہے جیسے کسی شخص نے اپنی قوم سے کہا کہ میں نے دشمن کا لشکر اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور میں تمہیں کھلے اور واضح طور پر ڈرانے والا ہوں۔ بھاگو اور اس سے بچو ایک گروہ نے اس کا کہا مانا اور رات ہی رات اطمینان سے نکل گیا انہوں نے تواپنی جان بچا لی اور کچھ لوگوں نے اس کی بات نہ مانی حتیٰ کہ صبح کے وقت وہ لشکر آپہنچا پھر اس نے انہیں تباہ کر ڈالا۔‘‘﴿وضاحت:اﷲتعالیٰ کا عذاب با لکل تیار ہے سچے دل سے توبہ کرکے اپنے آپ کو بچاؤ﴾
890۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جہنم نفسانی خواہشات سے ڈھانپ دی گئی ہے اور جنت مشکلات اور دشواریوں سے ڈھانپی ہوئی ہے۔‘‘
﴿وضاحت:فرمانِ الٰہی ہے (ترجمہ)’’جس نے سرکشی کرتے ہوئے دنیاوی زندگی کو ترجیح دی تودوزخ ہی اس کا ٹھکانہ ہو گا اور جس نے اپنے رب کے حضور پیش ہونے کا خوف کیا اور نفس کو بری خواہشات سے باز رکھا اس کا ٹھکانہ جنت میں ہوگا۔‘‘(79:37۔41)﴾
891۔حضرت عبداﷲ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ جنت تمہاری جوتی کے تسمے سے زیادہ قریب ہے اسی طرح جہنم بھی بے حد قریب ہے۔‘‘
﴿وضاحت: انسان ثواب کی بات کو حقیر خیال نہ کرے شاید اﷲتعالیٰ کو وہی پسند آجائے اور اس کی نجات کا ذریعہ بن جائے اسی طرح گناہ کی بات کو معمولی خیال نہ کرے شاید اﷲتعالیٰ ناراض ہو کر اسے جہنم میں ڈال دیں ( فتح الباری)﴾
892۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ جب تم میں سے کسی کی نظر ایسے شخص پر پڑے جو مال و جمال میں تم سے بڑھ کر ہو تو اسے ان لوگوں کو بھی دیکھنا چاہئے جو ان باتوں میں اس سے کم ہوں۔‘‘