کتاب: ایک ہزار منتخب احادیث ماخوذ از بخاری شریف - صفحہ 14
9۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک (پورا) مومن نہیں ہو سکتا جب تک اس کو مجھ سے محبت اپنے ماں، باپ، اپنی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ نہ ہو۔‘‘ (عن انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ ) ﴿ وضاحت: آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے طبعی محبت کے علاوہ ایمانی محبت بھی ہونی ضروری ہے ورنہ طبعی (فطری) محبت توآپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ابو طالب کو بھی تھی لیکن اسے مؤمن نہیں کہا گیا ﴾ 10۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس میں تین باتیں ہوں گی وہ ایمان کا مزہ (مٹھاس) پائے گا پہلی اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اس کو ہر چیز سے زیادہ ہو۔ دو سری کسی بندے سے خالص اﷲ تعالیٰ کیلئے دوستی رکھے اور تیسری پھر کفر میں جانا (جب اﷲ تعالیٰ نے اس کو کفر سے بچالیا ہو) اتنا برا سمجھے جیسے آگ میں ڈالا جانا۔ ‘‘ (عن انس رضی اللہ عنہ) ﴿ وضاحت: مٹھاس سے مراد وہ لذت ہے جو احادیث رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر پورا پورا عمل کرنے والے ہی کو محسوس ہوتی ہے﴾ 11۔حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ کو نسا عمل افضل ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانا ‘‘۔ عرض کیا گیا ’’پھر کو نسا (عمل)؟ ‘‘ فرمایا ’’اﷲ تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرنا ‘‘۔ عرض کیا گیا ’’پھر کونسا (عمل) ‘‘؟فرمایا ’’حج مبرور‘‘۔۔۔۔﴿وضاحت:حج مبرور وہ ہے جو ریاکاری سے پاک ہو اور خالص اﷲ تعالیٰ کی رضا کیلئے کیا جائے۔ حج مبرور کی علامت یہ ہے کہ حاجی کی اسلامی زندگی پہلے سے بہت بہتر ہو جائے ﴾ 12۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’(دوران معراج) مجھے دوزخ دکھلائی گئی تو اس میں میں نے زیادہ تر عورتوں کو پایا۔ و جہ یہ ہے کہ وہ کفر (احسان کا انکار) کرتی ہیں ‘‘ عرض کیا گیا ’’کیا اﷲ کے ساتھ کفر کرتی ہیں ؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’ نہیں۔ شوہر کی ناشکری کرتی ہیں اور احسان نہیں مانتیں اگر تم ایک عورت سے ساری عمر احسان کرو پھر وہ کوئی (ایک ذرا سی) بات تم میں دیکھے (جس کو پسند نہ کرتی ہو) تو کہنے لگتی ہے میں نے تو تم میں کبھی بھی کوئی بھلائی ہی نہیں دیکھی۔‘‘(عن ابن عباس رضی اللہ عنہما )