کتاب: ایک ہزار منتخب احادیث ماخوذ از بخاری شریف - صفحہ 13
4۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے یہ گواہی دینا کہ اﷲ تعالیٰ کے سوا کوئی سچا معبود نہیں ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اﷲ تعالیٰ کے رسول ہیں اور نماز کو پابندی سے ادا کرنا اور زکوٰۃ دینا اور حج کرنا (اگر اخراجات کیلئے رقم ہو) اور رمضان کے روزے رکھنا‘‘ (عن عبداﷲ بن عمر رضی اللہ عنہ)﴿وضاحت: اسلام اور ایمان ایک ہی چیز ہے۔ ایمان گھٹتا بڑھتا رہتا ہے۔ مزیدتفصیل کیلئے پڑھیے تفسیر3:173 اور48:4 ﴾
5۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’کہ ایمان کی ساٹھ(60) سے زائد شاخیں ہیں اور حیا (شرم) بھی ایمان ہی کی ایک شاخ ہے۔ ‘‘ (عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
﴿وضاحت: حیا بہت ضروری ہے کیونکہ یہ جرائم سے روکتی ہے (فتح الباری)﴾
6۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ (کے نقصان) سے (دو سرے) مسلمان محفوظ رہیں اور مہاجر وہ ہے جو ان کاموں کو چھوڑ دے جن سے اﷲ تعالیٰ نے منع کیا ہے۔ ‘‘ (عن عبداﷲ بن عمر رضی اللہ عنہ )﴿ وضاحت: بیشتر اذیتوں اور گناہوں کا تعلق انہیں دو (ہاتھ اور زبان) سے ہوتا ہے۔ اسلئے احتیاط کیجئے (فتح الباری) ﴾
7۔ ایک آدمی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا اسلام (مسلمان) کی کونسی خصلت بہتر ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ کھانا کھلانا اور سلام کرنا خواہ اسکو پہچانتے ہو یا نہ پہچانتے ہو۔‘‘
(عن عبداﷲ بن عمرو رضی اللہ عنہما).... ﴿وضاحت: سلام کرنے سے آپس میں محبت پیدا ہوتی ہے اس لئے آپ بھی سلام زیادہ کیا کریں ﴾
8۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ اپنے مسلمان بھائی کیلئے بھی وہی پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔‘‘ (عن انس رضی اللہ عنہ)
﴿ وضاحت: اسلام نے اس عادت کو بہت زیادہ اہمیت دی ہے۔ اس سے دنیاوی زندگی بھی نہایت آرام سے گذرتی ہے اور اخروی زندگی میں بھی فائدہ ہی فائدہ۔ اس عمل سے مسلمان خود بھی خوش رہتا ہے﴾