کتاب: اہل سنت فکر و تحریک - صفحہ 100
یا اخلاقی وصف ہو۔(منهج النقد في علوم الحديث، ص: 36) جبکہ علم حدیث دو قسموں پر مشتمل ہے، ایک روایت کے لحاظ سے علم حدیث: یہ وہ علم ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اقوال، افعال، تقریرات، صفات و اوصاف، ان کی روایت، ضبط الفاظ اور تدوین پر مشتمل ہے۔(تدریب الراوی 1/40) دوسرا، درایت کے لحاظ سے علم حدیث: یہ وہ علم ہے جس میں سند اور متن کے اصول کے بارے میں قوانین کی معرفت حاصل ہوتی ہے۔(تدریب الراوی 1/41)یہ علم مصطلح الحدیث کے نام سے معروف ہے۔ اہل الحدیث کا لفظ جب بولا جاتا ہے تو اس سے مراد وہ لوگ ہوتے ہیں جو حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت یا درایت کے لحاظ سے شغف رکھتے ہیں، احادیث نبویہ کو پڑھنے پڑھانے، ان کی روایت اور علم و عمل دونوں لحاظ سے ان پر عمل کرنے میں محنت صرف کرتے ہیں، سنت کی پابندی اور بدعت سے اجتناب کرتے ہیں اور ان اہل خواہشات و شہوات سے قطعی امتیاز رکھتے ہیں جو اہل ضلال و گمراہی کے اقوال و آراء کو اقوال رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر فوقیت دیتے ہیں اور اپنی فاسد عقل، بوسیدہ منطق اور متناقض کلام کو کتاب اللہ اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر مقدم ٹھہرا لیتے ہیں۔ حاملین حدیث، اس لحاظ سے، لوگوں میں سب سے زیادہ صحیح عقیدہ، سنت کی پابندی اور ’’جماعت‘‘ اور فرقہ ناجیہ سے وابستگی کے حامل ہوتے ہیں۔ اسی لئے امام احمد رحمہ اللہ نے ’’جماعت‘‘ کے بارے میں فرمایا ہے، اگر وہ اصحاب الحدیث نہیں ہیں تو میں نہیں جانتا کہ وہ لوگ کون ہوں گے۔(شرف اصحاب الحدیث، ص 25)