کتاب: اہل سنت کا تصور سنت - صفحہ 40
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اس مسئلے میں آپ کے حکم کی تعمیل کو آپؐ کی محبت اور اپنے ایمان کے منافی سمجھا لہٰذا انہوں نے اس پر عمل نہ کیااور آپ کے حکم کی یہ تأویل کی کہ وہ کوئی لازمی حکم نہیں ہے۔امام نوویؒ نے ’شرح مسلم‘ میں اس حدیث کی یہی تأویل بیان کی ہے۔اس طرح کی اور بھی بیسیوں روایات ایسی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابہ و تابعین نے آپ کے ہر حکم کی اتباع کو لازم نہیں سمجھااور نہ ہی وہ آپ کے ہر قول کو شریعت سمجھتے تھے۔ لیکن یہ فرق کرنا کہ آپ کے کون سے اقوال کا تعلق تشریع سے ہے اور کون سے اقوال ہمارے لیے شریعت نہیں ہیں ‘ یہ کسی عام آدمی کا کام نہیں ہے ‘بلکہ یہ ان علماء کا کام ہے جن کی زندگیاں حدیث پڑھنے اور پڑھانے میں گزرتی ہیں۔اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ائمہ سلف میں شارحین حدیث اور فقہاء و محدثین نے یہ کام بحسن و خوبی کیا ہے اور حدیث کی شرح میں جا بجا یہ واضح کیا ہے کہ آپ کا یہ حکم وجوب کے لیے ہے یا استحباب کے لیے ‘ اباحت کے لیے ہے یا منسوخ ہے ‘عام ہے یا خاص‘ مستقل ہے یا عارضی‘ مطلق ہے یا مقید ‘وغیر ہ۔ اس مضمون کی اگلی قسط میں ہم اِن شاء اللہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے افعال اور اتباع کے حوالے سے بحث کریں گے۔