کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 841
سوال نمبر ۴:.....ایک صحیح مرفوع حدیث پیش کریں کہ نمازِ جنازہ میں امام دعائیں بلند آواز سے پڑھے اورمقتدی صرف آمین آمین پکاریں ؟ جواب: …نمازِ جنازہ سراً پڑھانا بھی درست ہے اور جہراً پڑھانا بھی صحیح ہے۔ جہاں تک دعائیں سراً پڑھنے کا ذکر ہے وہ تو گوشہ آپ کو معلوم ہے البتہ اگر نہیں معلوم تو وہ بلند آواز سے دعائیں پڑھنے کا گوشہ ہے ۔ لیجئے اس وقت ایک روایت بطورِ دلیل پیش کی جاتی ہے ۔ شاید سید الکونین صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل آپ پر بھی اثر کر جائے۔ حضرت عوف بن مالک رضی اللہ عنہ نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ نمازِ جنازہ پڑھی تو میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وہ تمام دعائیں یاد کر لیں جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موقعہ پر پڑھی تھیں اور وہ یہ تھیں : ((اَللّٰھُمَّ) اغْفِرْ لَہٗ وَارْحَمْہُ……الخ)) (صحیح مسلم بحوالہ مشکوٰۃ المصابیح ؍کتاب الجنائز) [1] وضاحت:…صحابی رسول کا آپ کی دعاؤں کو یاد کرنا تبھی ہو سکتا ہے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلند آواز سے پڑھی ہوں ، سراً پڑھنے سے تو سنائی نہیں دیتیں یاد کرنا کیسے ممکن تھا۔ باقی رہا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا آمین آمین کہنا تو جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز میں دعائیں پڑھتے تھے تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پیچھے آمین آمین کہا کرتے تھے جیسا کہ ابھی اگلے سوال کے جواب میں وضاحت سے بیان ہو گا۔ اس کا ایک عام فائدہ یہ ہے کہ ہمارے معاشرہ میں اکثر لوگوں کو جنازے کی دعائیں یاد نہیں ہوتیں ۔ حالانکہ جنازے کا مقصد دعا ہے ۔ آمین کہنے کی وجہ سے ہر ایک کی شرکت ہو جاتی ہے۔ سوال نمبر ۵:.....ایک صحیح صریح حدیث پیش کریں کہ نمازِ وتر میں رکوع کے بعد امام بلند آواز سے دعائے قنوت پڑھے اور مقتدی صرف آمین آمین پکاریں ؟ جواب:…حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ماہ مسلسل پانچوں نمازوں کی آخری رکعت میں رکوع کے بعد دعا قنوت پڑھی جس میں بنی سلیم ، رِعل ، ذکوان ، عصیہ قبائل ( جنہوں نے قراء کو شہید کر دیاتھا) پر اونچی آواز میں بد دعا کی اور مقتدی آمین آمین پکارتے رہے ۔ (قیام اللیل للمروزی :۲۳۵) وضاحت:.....قنوت وتر بھی قنوتِ نازلہ کی طرح دعائیہ کلمات پر مشتمل ہے ۔ دونوں نماز کی آخری رکعت میں ہی کیے جاتے ہیں ، اس حدیث کی روشنی میں جماعت کی صورت میں اگر اونچی آواز سے امام قراء ت کرے گا تو مقتدی بآواز بلند ہی آمین کہیں گے۔
[1] مسلم؍کتاب الجنائز؍با ب الدعاء للمیت فی الصلاۃ۔