کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 780
س: ہمارا وہ بھائی جنہوں نے آپ کی کتاب احکام و مسائل جلد اوّل ترتیب دی ہے محمد مالک بھنڈر صاحب اگر وہ اپنا نام محمد عبدالمالک لکھا لکھوایا اور کہلوایا کریں تو کیسا ہے؟ (محمد یونس شاکر ، نوشہرہ ورکاں ) ج: مالک اور عبدالمالک دونوں نام درست ہیں ۔ ۳۰؍۴؍۱۴۲۴ھ س: کیا کوئی عام آدمی اپنے نام کے ساتھ ’’یزدانی‘‘ کا خطاب لگا سکتا ہے؟ یہ لفظ کس زبان کا ہے؟ اور اس کا مطلب کیا ہے؟ (محمد عثمان خاں ، آئی سی ایس۔ سال اوّل ، گورنمنٹ کالج گوجرانوالہ) ج: یہ لفظ فارسی ہے۔ اگر عقیدہ توحید والا ہے اور اس لفظ سے توحید کو ہی واضح کرنا مقصود ہے تو پھر یہ نام درست ہے اور اگر اس نام سے شرک کی طرف اشارہ مراد ہو تو پھر یہ نام درست نہیں ۔ واللہ اعلم ۲۹؍۱؍۱۴۲۲ھ س: میر ے والد محترم کا نام موج علی ہے ۔ کیا میں اپنا نام یوں لکھ سکتا ہوں ’’ابن علی ‘‘؟ (عبدالصمد بلوچ) ج: آپ کے والد محترم کا نام ہمارے عرف کے اعتبار سے ’’موج ‘‘ ہے علی لاحقہ ہے جس طرح اہل اسلام ہمارے علاقے میں محمد علی ، حسن اور حسین وغیرہ ناموں کے ساتھ بڑھاتے ہیں اور اہل کفر مسیح سنگھ وغیرہ بڑھاتے ہیں ۔ اس لیے آپ ’’ ابن موج‘‘ ہیں ۔ ۵؍۳؍۱۴۲۲ھ س: لقمان اللہ نام رکھنا ٹھیک ہے یا نہیں ؟ یہ نام رکھنے میں کیا قباحت ہے؟ (محمد افضل ، ضلع سیالکوٹ) ج: قرآن مجید میں لقمان آیا ہے۔ لقمان اللہ قرآن مجید میں نہیں آیا اور سنت و حدیث میں بھی کہیں نظر سے نہیں گزرا۔ ۸؍۱۰؍۱۴۲۱ھ س: اپنے شاگردوں سے کام کروانا مثلاً کپڑے دھلوانا ، مالش کروانا ، ٹانگیں دبوانا یا کوئی مہمان آ جائے اس کے لیے بوتل چائے وغیرہ منگوانا جائز ہے؟ ۲۔اگر طالب علم قرآن پاک حفظ مکمل کرتا ہے اس خوشی میں اُستاد کو کپڑے مٹھائی وغیرہ دیتا ہے یا اس طرح کوئی اور اشیاء دے، لینا جائز ہے؟ ۳۔رمضا ن المبارک میں نمازِ تراویح میں جو قران پاک سنایا جاتا ہے اس کے پیسے لینا جائز ہے یا نہیں ؟ کپڑے وغیرہ لینا ؟ (قاری عبدالرشید ،ملتان) ج: کسی فتنہ و تہمت کا خطرہ و خدشہ نہ ہو تو درست ہے۔ ۲۔درست و جائز ہے کمان والی روایت صحیح نہیں کمزور ہے۔