کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 696
گی ، پھر دل کی دھڑکن وغیرہ بھی ختم ہو جائے گی ، باذن اللہ تعالیٰ و توقیفہ ۔ ۲۹؍۵؍۱۴۲۱ھ س:…ہومیو پیتھک دواؤں کا استعمال قرآن و سنت کی روشنی میں کیسا ہے؟ وضاحت سے بیان فرمائیں ۔ ہومیو پیتھک میں کئی دوائیں ایسی ہیں جن کو محفوظ رکھنے کے لیے الکوحل استعمال کیا جا تا ہے اور کئی دواؤں میں الکوحل ڈالی جاتی ہے۔ ان کا استعمال کرنا کیسا ہے؟ ۲۔ مجھے لکنت کی بیماری ہے کوئی دعا یا دوا بتا دیں جس سے لکنت ٹھیک ہو جائے۔(محمد لقمان ، سیالکوٹ) ج:…رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ((کُلُّ مُسْکِرٍ حَرَامٌ)) [1] [’’ہر مسکر حرام ہے ۔‘‘]نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے : ((کُلُّ مُسْکِرٍ خَمْرٌ)) [2] [’’ہر مسکر خمر ہے۔‘‘]لہٰذا جن دواؤں کے متعلق آپ نے سوال فرمایا بوجہ الکوحل وہ سب ناجائز ہیں ان کی خرید و فروخت بھی ناجائز ہے۔ ۲۔ بادام ، پستہ ، اخروٹ اور دیگر مغزیات مع سونگی صبح ناشتہ کر لیا کریں اور دعاء: ﴿رَبِّ اشْرَحْ لِیْ صَدْرِیْ وَیَسِّرْلِیْ اَمْرِیْ وَاحْلُلْ عُقْدَۃً مِّنْ لِّسَانِیْ﴾[طٰہ:۲۰؍۲۵۔۲۶۔۲۷] [’’اے میرے پروردگار میر اسینہ کھول دے اور میرے کام کو مجھ پر آسان فرما اور میری زبان کی گرہ بھی کھول دے۔‘‘]موسیٰ علیہ السلام والی پڑھتے رہا کریں ۔ ان شاء اللہ بہت فائدہ ہو گا۔ ۲۹؍۱۲؍۱۴۲۰ھ س:…(۱) مخصوص قسم کی گولیوں ، ٹکیوں پر الکوحل میں حل کی ہوئی دوائی ڈال کر گولیاں وغیرہ اس حد تک خشک کرلی جائیں کہ الکحل کا اثر بالکل نہ رہے ،زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے بھی نشہ یا غنودگی وغیرہ نہ ہو تو ان گولیوں کا استعمال کرنا جائز ہو گا یا نہیں ؟ (۲).....جن چیزوں سے اس وقت تک دوا سازی ممکن نہ ہو جب کہ انہیں الکحل میں بھگو نہ لیا جائے ، الکحل میں بھگونے کے بعد الکحل کے اثرات مکمل طور پر ختم کر دیے جائیں ، دوا سازی کے بقیہ مراحل میں الکحل استعمال نہ کی جائے اور دوا کی زیادہ مقدار سے بھی نشہ یا غنودگی نہ ہو ، تو ایسی دوا کا کیا حکم ہے؟ (۳)…بعض دوائیں ایسی ہیں جن کے استعمال سے شراب پینے کی عادت چھوٹ جاتی ہے ، لیکن ایسی دوائیں الکحل میں حل کر کے استعمال کرائی جاتی ہیں ۔ بڑی بلا( یعنی شراب) سے بچنے کے لیے چھوٹی بلا( یعنی الکحل والی دوائی) کا استعمال جائز ہو گا یا نہیں ؟
[1] بخاری؍کتاب المغازی؍باب بعث ابی موسیٰ و معاذ الی الیمن قبل حجۃ الوداع۔ مسلم؍کتاب الاشربۃ؍باب بیان ان کل مسکر خمر وان کل خمر حرام۔ [2] مسلم؍کتاب الاشربۃ؍باب بیان ان کل مسکر خمروان کل خمر حرام۔