کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 456
۲۲ ؍ ۵ ؍ ۱۴۲۲ھ س: ایک شخص کی بالغہ بیٹی ہے کہ اس شخص سے کئی افراد باری باری رشتہ طلب کرتے رہے، مگر اس شخص نے بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار کیا۔ گویا کہ کسی کو رشتہ دینے پر تیار ہی نہیں ۔ بیٹی چاہتی ہے کہ اس کی زندگی برباد نہ ہو۔ بیٹی شریف النفس ہے ۔ کیا وہ بذریعہ عدالت (بلااجازت ِ والد) کسی شریف النفس شخص سے (شریعت کے مطابق) نکاح کرواسکتی ہے؟ ج: اپنے محرم اثر و رسوخ والے رشتہ داروں سے بات کرے ، وہ اس کے والد کو سمجھائیں گے ، تو معاملہ سلجھ جائے گا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔ نیز وہ اپنی والدہ سے بات کرسکتی ہے کہ وہ اپنے میاں سے بات چیت کریں ۔ ۹ ؍ ۲ ؍ ۱۴۲۴ھ س: عائشہ رضی اللہ عنہا کا نکاح کب اور رخصتی کب ہوئی؟ (سائل نضیر احمد حنیف، لاہور) ج: صحیح بخاری ، کتاب النکاح ، باب إنکاح الرجل ولدہ الصغار ،الخ اور باب تزویج الأب ابنتہ من الإمام میں ہے: (( عَنْ عَائِشَۃَ أَنَّ النَّبِيَّ صلی ا للّٰه علیہ وسلم تَزَوَّجَھَا وَھِیَ بِنْتُ سِتِّ سِنِیْنَ ، وَأُدْخِلَتْ عَلَیْہِ وَھِیَ بِنْتُ تِسْعٍ (سِنِیْنَ) وَمَکَثَتْ عِنْدَہٗ تِسْعًا۔)) [۲؍۷۷۱] ’’ عائشہ رضی اللہ عنہا سے ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب ان سے نکاح کیا تو ان کی عمر چھ۶ سال تھی اور جب ان سے صحبت کی تو اس وقت ان کی عمر ۹ برس کی تھی اور وہ نو ۹ برس آپؐ کے پاس رہیں ۔‘‘ ۱۱ ؍ ۱۱ ؍ ۱۴۲۳ھ س:1۔ لڑکے کے ساتھ نکاح کے معاملہ میں لڑکی کی طرف سے لڑکی کی بہنیں لڑکی کے لیے پسند کرنے کے واسطے اس متعلقہ لڑکے کو دیکھ سکتیں ہیں کہ نہیں ؟ اسی طرح لڑکے کے بھائی لڑکی کو دیکھ کر اپنے بھائی کے لیے پسند کرسکتے ہیں کہ نہیں ؟ برائے مہربانی دیکھنے یا نہ دیکھنے کے معاملہ میں وضاحت کریں ؟ 2۔کیا مسلمان مرد زانیہ عورت سے نکاح کرسکتاہے؟ نیز اگر زانیہ عورت توبہ کرلے، یعنی زنا کی حد لگنے کے بغیر اگر توبہ کرلے تو کیا پھر زانیہ عورت سے نکاح جائز ہے؟ 3۔کیا جنات مسلمان عورتوں کے لیے محرم ہیں یا غیر محرم؟ (عبدالغفور ، شاہدرہ لاہور)