کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 300
س: نمبر۱.....ایک آدمی رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی تمام طاق راتوں میں نمازِ تراویح پڑھ کر سو گیا تو کیا اس نے لیلۃ القدر کو پا لیا ، یعنی لیلۃ القدر کا ثواب پا لیا یا نہیں ؟ نمبر۲:…کیا لیلۃ القدر کو پانے کے لیے ، اس کا ثواب حاصل کرنے کے لیے تمام رات جاگنا شرط ہے؟ نمبر۳:.....ایک حدیث ہے کہ جس نے رمضان المبارک کا قیام کیا ثواب کی نیت سے اس کے تمام گناہ اگلے اور پچھلے معاف کر دیے جاتے ہیں ۔ اس حدیث میں قیام سے کیا مراد ہے؟ (انسپکٹر عبدالغفور، شاہدرہ اسٹیشن، لاہور) ج: نہیں ! ہاں ا س نے لیلۃ القدر کے کچھ حصہ کا قیام کر لیا یا کچھ حصہ پا لیا ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: (( مَنْ قَامَ لَیْلَۃَ الْقَدْرِ)) [1] [’’جس نے لیلۃ القدر کا قیام کیا ۔‘‘]پھر اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿لَیْلَۃُ الْقَدْرِ خَیْرٌ مِّنْ اَلْفِ شَھْرٍ﴾[القدر:۳][’’شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے ۔‘‘ ] ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : (( کَانَ رَسُوْلُ ا للّٰه صلی ا للّٰه علیہ وسلم إِذَا دَخَلَ الْعَشْرُ شَدَّ مِئْزَرَہُ ، وَأَحْیَا لَیْلَہٗ ، وَأَیْقَظَ أَھْلَہٗ))[2] [’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری عشرہ میں عبادت کے لیے کمر بستہ ہو جاتے ، شب بیداری فرماتے اور اپنے گھر والوں کو بھی بیدار رکھتے تھے۔‘‘] نمبر۲:.....جواب نمبر ۱ پڑھ لیں اس میں اس کا جواب بھی آ چکا ہے وہی دیکھ لیں ۔ نمبر۳:.....صلاۃ اللیل ہی مراد ہے۔ س: مستورات کی فرائض کے ساتھ نفلی نماز مسجد میں امام کے ساتھ ثابت ہے یا نہیں ؟ (ملک محمد یعقوب) ج: صحیح بخاری کی حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ کسوف کی نماز با جماعت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے مردوں اور عورتوں دونوں نے شرکت کی ۔ [اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا کہ میں عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس آئی وہ نماز پڑھ رہی تھیں ، میں نے کہا: لوگوں کا کیا حال ہے؟ یعنی وہ پریشان کیوں ہیں ؟ انہوں نے آسمان کی طرف اشارہ کیا ، یعنی دیکھو سورج کو گرہن لگا ہوا ہے ، اتنے میں لوگ(نمازِ کسوف کے لیے) کھڑے ہوئے تو عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: سبحان اللہ! میں نے پوچھا( یہ گرہن) کیا کوئی (عذاب یا قیامت کی) علامت ہے ؟ انہوں نے سر سے اشارہ کیا کہ ہاں ۔ پھر میں بھی نماز کے لیے کھڑی ہو گئی حتیٰ کہ مجھ پر غشی طاری ہونے لگی تو میں نے اپنے سر پر پانی ڈالنا شروع کر دیا ،
[1] صحیح بخاری؍کتاب فضل لیلۃ القدر؍باب فضل لیلۃ القدر [2] صحیح بخاری؍کتاب فضل لیلۃ القدر ؍باب العمل فی العشر الأواخر من رمضان