کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 295
نمبر۲:.....ایک آدمی پہلے وقت میں وتر پڑھ لیتا ہے ، تین چار بجے پھر جاگتا ہے ، وہ آدمی کہتا ہے میں کچھ پھر رکعتیں پڑھ لوں ، کیا وہ ایک رکعت پڑھ کر سلام پھیر لے گا یا وتر کیسے توڑے گا؟ حدیث میں ہے وتروں کے بعد کوئی نماز نہیں ۔ نمبر۳:.....ایک آدمی نے ایک دن وتر نہیں پڑھا ، دوسرے دن وتروں کی قضا دے گا یا نہیں ؟ (صدر جامع مسجد اہل حدیث ، گوجرہ) ج: صحیح بخاری کی احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قیام اللیل میں تیرہ رکعات مع وتر پڑھتے تھے اور صحیح مسلم کی حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کے بعد دو رکعت پڑھتے تھے ۔ [1] تو قیام اللیل میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کل رکعات پندرہ ہیں ۔ رمضان و غیر رمضان میں قیام اللیل میں پندرہ رکعات سے زائد نماز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ۔ مصنف ابن ابی شیبہ اور بیہقی والی روایت کہ ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیس رکعات پڑھتے تھے‘‘ ثابت نہیں کیونکہ اس کی سند میں ابو شیبہ ابراہیم بن عثمان نامی راوی جو بالاتفاق ضعیف ہے بلکہ کذبہ شعبۃ ۔‘‘ جو پہلی رات آٹھ رکعات پڑھتا ہے وہ درمیانی یا پچھلی رات فجر سے پہلے سات رکعات پڑھ سکتا ہے بایں صورت کہ دو رکعت پڑھے پھر تین وتر پڑھے ، پھر دو رکعت پڑھے۔ نمبر۲:.....کسی نے وتر پہلی رات پڑھ لیے ہیں تو درمیانی یا پچھلی رات فجر سے پہلے پندرہ تک باقی رکعات پڑھ سکتا ہے اگر پہلی رات وتر ایک رکعت پڑھی ہے تو بعد میں چودہ رکعات پڑھ سکتا ہے اور اگر وتر تین رکعات پڑھی ہیں تو پھر بارہ رکعات اور اگر وتر پانچ رکعات پڑھی ہیں تو پھر دس رکعات پڑھ سکتا ہے ۔ وعلی ہذا القیاس ہلم جرا مشکاۃ ؍باب الوتر؍ فصل ثالث ، حدیث:۱۲۸۶رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((إِنَّ ھٰذَا السَّھْرُ جُھْدٌ وَثِقْلٌ ، فَإِذَا أَوْتَرَ أَحَدُکُمْ فَلْیَرْکَعْ رَکْعَتَیْنِ ، فَإِنْ قَامَ مِنَ اللَّیْلِ ، وَإِلاَّ کَانَتَا لَہٗ)) [’’بے شک رات کی بیداری مشکل اور بھاری ہے جس وقت ایک تمہارا وتر پڑھ لے دو رکعتیں پڑھے ، اگر رات کو اُٹھ کھڑا ہو تو بہتر ہے ورنہ یہ دونوں رکعتیں اس کے لیے کافی ہوں گی۔‘‘] وتر توڑنے والی روایت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ،پہلی رات وتر پڑھ لیے ہیں تو بعد میں وتر نہ پڑھے جائیں باقی ماندہ نماز پڑھ لی جائے جیسا کہ تفصیل پہلے بیان کی جا چکی ہے۔
[1] مسلم؍صلاۃ المسافرین؍باب صلوٰۃ اللیل و عدد رکعات النبی صلی ا للّٰه علیہ وسلم