کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 286
س: تین وتر ایک تشہد کے ساتھ ہیں ۔ اگر کوئی ۲رکعت پڑھ کر سلام پھیر دے اور ایک رکعت علیحدہ پڑھے۔ کیا یہ طریقہ بھی درست ہے، اس کی دلیل دیں ؟ ( ماسٹر رشید احمد، سوہاوہ ڈھلواں ) ج: تین وتر پڑھنے کے دو طریقے ہیں ۔ 1۔دو رکعت کے بعد تشہد، درود اور دعائیں پڑھ کر سلام پھیر دے اور ایک رکعت الگ سلام کے ساتھ پڑھے۔ صحیح مسلم میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نمازِ عشاء سے فارغ ہونے کے بعد فجر طلوع ہونے تک کے وقفہ میں گیارہ رکعت پڑھتے۔ ہر دو رکعت پر سلام پھیرتے۔ [1]بخاری میں ہے عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ لیلۃ البیتوتۃوالی حدیث میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو رکعت پڑھیں ۔ پھر دو رکعت، پھر دو رکعت، پھر دو رکعت، پھر دو رکعت، پھر دو رکعت، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وتر پڑھا۔[2] اور یہ بھی فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیرہ رکعات پڑھیں ۔[3] 2۔مستدرک حاکم میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تین وتر پڑھتے۔ (( لاَ یَقْعدُ إِلاَّ فِی آخِرِھِنَّ))’’نہ بیٹھتے مگر ان کے آخر میں ۔‘‘ تو یہ دونوں طریقے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں ۔تیسرا طریقہ : تین وتروں میں دو رکعت پر تشہد وغیرہ پڑھ کر سلام پھیر ے بغیر اٹھ کھڑا ہو جس طرح مغرب کی نماز پڑھی جاتی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ۔ واللہ اعلم۔ ۲۹ ؍ ۱۰ ؍ ۱۴۲۰ھ س: وتر کی تیسری رکعت کے لیے اٹھتے وقت رفع الیدین کریں گے یا نہیں ؟ (محمد ہاشم یزمانی) ج: ہاں ! کریں گے ، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب دوسری رکعت سے اٹھتے تو رفع الیدین کرتے۔[4] ۲۹ ؍ ۷ ؍ ۱۴۲۳ھ س: ایک آدمی عشاء کی نماز سے فارغ ہوکر تہجد کی نماز کی چھ رکعتیں عشاء کے بعد پڑھتا ہے، پھر پچھلی رات بقیہ نماز کی پانچ رکعت یا سات رکعت یا نو رکعت ادا کرتا ہے۔ سارا سال اسی طریقہ سے نمازِ تہجد ادا کرتا ہے۔ کیا یہ طریقہ صحیح ہے۔ اگر کسی وجہ سے اس کی پچھلی رات کی نماز رہ جائے تو پھر صبح کتنی رکعت نماز ادا کرے؟ (محمد یونس شاکر)
[1] مسلم ؍ صلاۃ المسافرین ؍ باب صلاۃ اللیل وعدد رکعات النبی صلی ا للّٰه علیہ وسلم فی اللیل حدیث:۷۳۶ [2] بخاری ؍ کتاب الوضوء ؍ باب قرائۃ القرآن بعد الحدث وغیرہ [3] بخاری ؍ کتاب الأذان ؍ باب اِذا قام الرجل عن یسار الامام فحولہ الامام الی یمینہ لم تفسد صلاتھما [4] صحیح بخاری ؍ الأذان ؍ باب رفع الیدین اذا قام من الرکعتین