کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 246
ہدایت دے، مجھے عافیت سے رکھ اور مجھے روزی عطا کر۔‘‘ [1] ج: شیخ البانی رحمہ اللہ تعالیٰ نے صفۃ الصلاۃ میں اس دعاء کو نقل کرنے کے بعد تعلیق میں لکھا ہے: (( ابو داؤد والترمذی و ابن ماجۃ والحاکم وصححہ ووافقہ الذہبی)) س: نماز میں رکوع کی تسبیح ’’سُبحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیْمِ‘‘اگر بھول کر سجدہ میں پڑھی جائے اور سجدہ کی تسبیح’’ سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی‘‘اگر رکوع میں پڑھی جائے تو کیا نماز صحیح ادا ہوجائے گی؟ (محمد یونس شاکر) ج: ہاں ! نماز صحیح ادا ہوجائے گی، البتہ اولیٰ و بہتر کے خلاف ہے، جان بوجھ کر ایسا کرنا درست نہیں ۔ [رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جس نے رکوع میں تین بار ’’ سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظِیْمِ ‘‘کہا اس کا رکوع پورا ہوگیا، مگر یہ کم از کم تعداد ہے اور جس نے سجدہ میں تین بار ’’ سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی ‘‘ کہا اس کا سجدہ پورا ہوگیا، مگر یہ کم از کم تعداد ہے۔ ‘‘ [ابو داؤد ، ابن ماجہ]] س: سجدہ میں جاتے وقت اور سجدہ سے سر اٹھاتے وقت رفع الیدین کا کیا حکم ہے؟ (قاسم بن سرور) ج: صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے:(( وَلاَ یَفْعَلُ ذٰلِکَ فِی السُّجُوْدِ )) ’’ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدہ میں رفع الیدین نہ کرتے تھے۔‘‘ [2] تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سجدوں میں رفع الیدین نہیں کیا کرتے تھے۔ ۷ ؍ ۷ ؍ ۱۴۲۳ھ س: کیا سجدے میں پڑ کر آدمی اُردو ، پنجابی میں دعا کرے یا عربی میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود بھی پڑھ سکتا ہے، اور قرآنی دعائیں بھی پڑھ سکتا ہے؟ (حامد رشید ، لاہور) ج: سجدۂ نماز میں عربی کے علاوہ کسی بھی زبان میں دعاء بھی نہیں کرسکتا۔ دُرود کا مقام نماز میں پہلا اور دوسرا قعدہ ہے۔ سجدہ و رکوع میں قرآن پڑھنے کی ممانعت آئی ہے۔ [خبردار! میں رکوع اور سجدے میں قرآنِ حکیم پڑھنے سے روکا گیا ہوں ۔ پس تم رکوع میں اپنے رب کی عظمت بیان کرو اور سجدے میں خوب دعا مانگو، تمہاری دعا قبولیت کے لائق ہوگی۔ ] [3] ۲۹ ؍ ۴ ؍ ۱۴۲۴ھ
[1] ابو داود ؍ الصلاۃ ؍ باب الدعاء بین السجدتین ، ترمذی ؍ الصلاۃ ؍ باب ما یقول بین السجدتین ، السنن الکبریٰ للبیہقی ؍ باب ما یقول بین السجدتین مذکورہ دعاء کے مکمل الفاظ کسی ایک جگہ نہیں ہیں ۔ تینوں روایات کے مجموعے سے یہ ثابت ہیں ۔ [2] بخاری ؍ الأذان ؍ باب رفع الیدین اذا کبر واذا رکع واذا رفع ، مسلم ؍ الصلاۃ ؍ باب استحباب رفع الیدین حذوا المنکبین مع تکبیرۃ الاحرام والرکوع وفی الرفع من الرکوع وأنہ لا یفعلہ اذا رفع من السجود [3] مسلم ؍ الصلاۃ ؍ باب النھی عن قراء ۃ القرآن فی الرکوع والسجود