کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 234
ہاں نیکی لے کر آئے گا، اسے اس کا دس گنا ثواب ملے گا۔ ‘‘]تو چار رکعت والی نماز میں دس دفعہ رفع الیدین ہے تو یہ کل ایک سو نیکی بنتی ہے تو جو صرف پہلی دفعہ رفع الیدین کرتے ہیں ، پھر نہیں کرتے وہ صرف چار رکعات والی ایک ہی نماز میں نوے نیکیوں سے محروم ہوجاتے ہیں ۔ پھر ان کی نماز بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز نہیں ۔ 7۔حنفی علماء کرام سے وہ دلیل طلب کریں ، جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع والے رفع الیدین کو گھوڑے یا سرکش گھوڑے کی دم قرار دیا ہو؟ نیز ان سے پوچھیں وتروں کی تیسری رکعت والا رفع الیدین گھوڑے یا سرکش گھوڑے کی دم ہے یا نہیں ؟ اگر ہے تو پھر وہ یہ کیوں کرتے ہیں ؟ اگر نہیں تو دلیل پیش کریں ۔ 8۔نمبر ۲ میں لکھ چکا ہوں ’’ رفع الیدین کے بغیر نماز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز نہیں ۔‘‘ 9۔ائمہ اربعہ اور دیگر ائمہ رحمہم اللہ اجمعین دین میں حجت و دلیل نہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قول و عمل اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریر و تصویب حجت و دلیل ہے اور پہلے بتایا جاچکا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رفع الیدین کیا کرتے تھے۔ 10۔خلفاء راشدین رضوان اللہ اجمعین بھی دینی امور میں حجت و دلیل نہیں دیکھئے اصول فقہ کی کتابوں میں لکھا ہے شرعی دلائل چار ہیں ۔ (۱) کتاب اللہ تعالیٰ ۔ (۲) سنت ِرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ۔ (۳) اجماع مجتہدین امت رحمہم اللہ اجمعین۔ (۴)قیاس صحیح۔ غور فرمائیں خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کو اصولِ فقہ والوں نے شرعی دلائل میں شامل نہیں فرمایا۔ ۹ ؍ ۳ ؍ ۱۴۲۴ھ س: رفع الیدین عشرہ مبشرہ سے ثابت ہے۔ کیا ایسی کتاب ہے جس میں ترتیب وار دس کی دس احادیث موجود ہوں ؟ (حافظ محمد فاروق تبسم، اچھرہ لاہور) ج: اصولی بات ہے کسی عمل یا قول کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اثبات کے لیے کسی ایک صحابی رضی اللہ عنہ کا اس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کردینا کافی ہے ، خواہ وہ صحابی عشرہ مبشرہ رضی اللہ عنہم سے ہو ، خواہ ان سے نہ ہو، ان کے علاوہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا کوئی اور صحابی رضی اللہ عنہ ہو۔ دیکھئے تین وتروں کی تیسری رکعت میں بوقت قنوت رفع الیدین عشرہ مبشرہ رضی اللہ عنہم سے ثابت ہے؟ نہیں ! اس کے باوجود کچھ لوگ کیے جارہے ہیں تو رکوع والے رفع الیدین کی بابت عشرہ مبشرہ رضی اللہ عنہم سے ثبوت کی ضرورت کیوں پیش آگئی؟ رکوع جاتے اور رکوع سے سر اٹھاتے رفع الیدین کرنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے۔ چنانچہ عبداللہ بن عمر اور مالک بن حویرث رضی اللہ عنہم کی احادیث صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں موجود ہیں ۔ ۲۸ ؍ ۴ ؍ ۱۴۲۱ھ