کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 222
اب وہ جمعۃ المبارک کی دو رکعت پڑھے یا ظہر کی چار رکعت؟ (۵) ایک آدمی دو یا تین فرض نمازیں پڑھتا ہے اور پھر چار پانچ دن تک نماز چھوڑ دیتا ہے اور یہی اس کا معمول ہے ، اور محض کاہلی سستی اور عدم اہتمام کے سوا اس کے پاس کوئی عذر بھی نہیں تو کیا اسے کافر قرار دیا جائے گا ؟ کیا اس کی بیوی اس کے نکاح میں رہ سکتی ہے؟ اگر یہ آدمی فوت ہو جائے تو اس کا نمازِ جنازہ پڑھنا کیسا ہے؟ (۶) امام نے دوسری رکعت کے تشہد میں بیٹھنا تھا مگر بھول کر کھڑا ہو گیا ، جب امام سیدھا کھڑا ہو گیا تو مقتدیوں نے لقمہ دیا ، اب امام کھڑا رہے یا بیٹھ جائے؟ (۷)۔ کیا نمازِ جنازہ میں دعاء استفتاح یعنی اَللّٰھُمَّ بَاعِدْ .....یا اس کے علاوہ کوئی دوسری دعا پڑھنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے؟ (۸)کیا صحیح حدیث سے یہ بات ثابت ہے کہ امام تکبیر اونچی آواز سے کہے اور مقتدی آہستہ آواز سے تکبیر کہیں ۔ بحوالہ تحریر فرمائیے؟ (۹) ایک نمازی ایک طرف سلام پھیرلیتا ہے ، ابھی دوسری طرف سلام نہیں پھیرتا تواس کا وضو ٹوٹ جاتا ہے کیا اس کی نماز مکمل ہو گئی؟ ج:(۱) مقتدی کو اُٹھا کر یا اُٹھائے بغیر پیچھے کر لے ، اگر یہ نہ ہو سکے تو امام کو آگے کر دے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیسرے آدمی آنے پر مقتدی کو پیچھے کر دیا تھا۔[1] (۲) تکبیر تحریمہ کے ساتھ رفع الیدین کرے گا ، پھر سجدہ جانے کی تکبیر کہے گا ، رفع الیدین نہیں کرے گا کیونکہ حدیث میں ہے: (( وَکَانَ لَا یَفْعَلُ ذٰلِکَ فِی السُّجُوْدِ)) [2] (۳) رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیماری کے دنوں میں جماعت و امامت کے لیے ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو متعین فرمایا تھا اس لیے پہلے نمبر پر تو کوشش کی جائے کہ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے والا امام بنایا جائے اگر بیٹھ کر نماز پڑھنے والے معذور کو ہی امام بنانا ہے تو کرسی کی بجائے زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھے ، پھر دو امام بھی بنائے جا سکتے ہیں ایک بیٹھا معذور دوسرا کھڑا، اس بیٹھے معذور کے مقتدی اس صورت میں صف والے کھڑے ہو کر نماز پڑھیں گے جیسا کہ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دائیں جانب کھڑے ہو کر نماز پڑھی اور صف والوں نے بھی کھڑے ہو کر نماز پڑھی تھی جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس دفعہ بیٹھ کر نماز پڑھا رہے تھے۔[3] باقی ’’امام
[1] مسلم؍جلد دوم؍ص:۳۱۷ [2] بخاری؍کتاب الاذان؍باب رفع الیدین فی التکبیر الاولیٰ مع الافتتاح سوائً [3] بخاری؍الجماعۃ ولامامۃ؍باب الرجل یاتم بالامام و یاتم الناس بالماموم ۔ مسلم؍الصلاۃ؍باب استخلاف الامام اذا عرض لہ عذر