کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 191
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: صفوں کو سیدھا کیا کرو، کیونکہ میں تمہیں پس پشت بھی دیکھتا ہوں ۔(یہ آپؐ کا معجزہ تھا۔) انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم میں سے ہر شخص اپنا کندھا دوسرے کے کندھے سے اور اپنا قدم دوسرے کے قدم سے ملا دیتا تھا۔ ] [1] ۲۹ ؍ ۸ ؍ ۱۴۲۳ھ س: مرد اور عورت دونوں اکٹھے کھڑے ہوکر نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں ؟ (فیصل صغیر ورک) ج: اکٹھے مل کر دائیں بائیں کھڑے ہوکر نہیں پڑھ سکتے، البتہ آگے پیچھے کھڑے ہوکر پڑھ سکتے ہیں ۔ بایں طور کہ دونوں کے درمیان فاصلہ ہو۔ [انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے ہے کہ ان کی نانی ملیکہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھانا تیار کرکے کھانے کے لیے بلایا۔ آپؐ نے کھانے کے بعد فرمایا کہ آؤ تمہیں نماز پڑھادوں ۔ انس رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے اپنے گھر سے ایک بوریا اٹھایا جو کثرت استعمال سے کالا ہو چکا تھا میں نے اس پر پانی چھڑکا پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لیے(اسی بوریے پر) کھڑے ہوئے اور میں اور ایک یتیم آپؐ کے پیچھے صف باندھ کر کھڑے ہوگئے اور بوڑھی عورت (انس رضی اللہ عنہ کی نانی ملیکہ) ہمارے پیچھے کھڑی ہوئیں پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں دو رکعت نماز پڑھائی اور واپس گھر تشریف لے گئے۔ ] [2] ۴ ؍ ۱۲ ؍ ۱۴۲۳ھ س: کیااکیلے آدمی کی نماز صف کے پیچھے اکیلے کھڑے ہونے میں ہو جاتی ہے یا نہیں ؟ اگر نہیں ہوتی تو درج ذیل حدیث کا کیا مطلب ہے؟ (( اَتِمُّوا الصَّفَّ المُقَدَّمَ ثُمَّ الَّذِیْ یَلِیْہِ فَمَا کَانَ مِنْ نَقْصٍ فَلْیَکُنْ فِی الصَّفِّ المُؤَخَّرِ )) [3] [’’پہلے اول صف کو پورا کرو، پھر اس کو پورا کرو جو اس کے بعد ہے اور جو کمی ہے وہ آخری صف میں ہونی چاہیے۔‘‘ ] [4]اس حدیث کی رُو سے اکیلے آدمی کا صف کے پیچھے کھڑا ہونا ایک نقص ہے، جس کی اجازت حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مذکورہ حدیث میں خود دی ہے۔ اس حدیث کے لحاظ سے بھی اکیلے آدمی کی نماز ہوگی یا نہیں ؟ ج: نہیں ہوتی کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: (( لاَ صَلاَۃَ لِمَنْ صَلّٰی خَلْفَ الصَّفِّ وَحْدَہٗ)) اور ایک روایت میں ہے: (( مَنْ صَلّٰی خَلْفَ الصَّفِّ وَحْدَہٗ فَلْیُعِدْ صَلاَتَہٗ))[5] [ جو اکیلا صف کے
[1] بخاری ؍ الأذان ؍ باب إلذاق المنکب بالمنکب والقدم بالقدم فی الصف [2] بخاری ؍ الأذان ؍ باب الصلاۃ علی الحصیر وباب المرأۃ وحدھا تکون صفا ، مسلم ؍ المساجد ؍ باب جواز الجماعۃ فی النافلۃ [3] بحوالہ عن أنس أبو داؤد صفحہ نمبر: ۲۵۲ [4] ابو داؤد ؍ ابواب الصفوف ؍ باب تسویۃ الصفوف [5] ابو داؤد ؍ کتاب الصلاۃ ؍ باب الرجل یصلی وحدہ خلف الصف