کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 147
’’میرے نزدیک راجح یہی ہے کہ تولیہ استعمال کرنا جائز ہے۔‘‘] ۶؍۱؍۱۴۲۴ھ س: کیا کھڑے ہو کر جیسے آج کل عام گھروں میں (شاور) یعنی فوارے لگے ہوتے ہیں غسل کرنے کے لیے کھڑے ہو کر ننگے نہانا جائزہے؟ کس حد تک جائز اور کس حد تک حرام ہے بیان فرما دیں ؟(ایک سائل) ج: اس مسئلہ کی خاطر آپ صحیح بخاری ؍کتاب الغسل؍باب من اغتسل عریانا وحدہ .....الخ دیکھ لیں ان شاء اللہ العزیز اطمینان ہو جائے گا۔ [ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کیا آپ نے فرمایا:’’بنی اسرائیل ننگے ہو کر اس طرح نہاتے تھے کہ ایک شخص دوسرے کو دیکھتا لیکن سیدنا موسیٰ علیہ السلام تنہا پردہ سے غسل فرماتے ۔ ا س پر انہوں نے کہا کہ بخدا موسیٰ کو ہمارے ساتھ غسل کرنے میں صرف یہ چیز مانع ہے کہ آپ کے خصیے بڑھے ہوئے ہیں ، ایک مرتبہ موسیٰ علیہ السلام غسل کرنے لگے اور آپ نے کپڑوں کو ایک پتھر پر رکھ دیا اتنے میں پتھر کپڑوں کو لے کر بھاگا اور موسیٰ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس کے پیچھے بڑی تیزی سے دوڑے ، آپ کہتے جاتے تھے اے پتھر! میرا کپڑا دے ، اے پتھر ! میرا کپڑا دے ۔ اس عرصہ میں بنی اسرائیل نے موسیٰ علیہ السلام کو ننگا دیکھ لیا اور کہنے لگے اللہ کی قسم! موسیٰ کو کوئی بیماری نہیں اور موسیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے کپڑا لیا او ر پتھر کو مارنے لگے ۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ اللہ کی قسم! اس پتھر پر چھ یا سات مار کے نشان باقی ہیں ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ’’ایک بار ایوب صلی اللہ علیہ وسلم ننگے غسل فرما رہے تھے کہ سونے کی ٹڈیاں آپ پر گرنے لگیں ایوب صلی اللہ علیہ وسلم انہیں اپنے کپڑے میں سمیٹنے لگے ، اتنے میں ان کے رب نے انہیں پکارا کہ اے ایوب! کیا میں نے تمہیں اس چیز سے بے نیاز نہیں کر دیا جسے تم دیکھ رہے ہو ۔ ایوب صلی اللہ علیہ وسلم نے جواب دیا ہاں تیری بزرگی کی قسم ! لیکن تیری برکت سے میرے لیے بے نیازی کیونکر ممکن ہے۔ ] [1] ۱۲؍۵؍۱۴۲۱ھ س: غسل جنابت کے وقت اگر نماز والا وضو نہ کیا جائے تو کیا غسل ہو جائے گا؟نیز غسل کے لیے فرائض یا شرائط بھی بیان فرما دیں ۔(عبدالغفور ، شاہدرہ) ج: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم والا غسل نہیں ہو گا ۔ پہلے استنجا ، پھر نماز والا وضوء ، پھر سر پر تین چلو ڈال کر دائیں جانب سے آغاز کی پابندی کرتے ہوئے سارے بدن پر پانی بہا لے ۔ ۱۴؍۸؍۱۴۲۱ھ س: حائضہ عورت کسی مردہ عورت کو غسل دے سکتی ہے؟ (شاہد سلیم ، لاہور)
[1] بخاری؍کتاب الغسل؍باب من اغتسل عریانا وحدہ فی الخلوۃ ومن تستر والتستر أفضل