کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 133
ظُھُوْرُ الْمَھْدِیِّ ……مہدی کا ظہور قیامت سے پہلے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد میں سے ایک شخص عربوں پر حکومت کرے گا ۔ ((عَنْ عَبْدِ ا للّٰه رضی ا للّٰه عنہ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ ا للّٰه صلی ا للّٰه علیہ وسلم (( لاَ تَذْھَبُ الدُّنْیَا حَتّٰی یَمْلِکَ الْعَرَبَ رَجُلٌ مِّنْ اَھْلِ بَیْتِیْ یُوَاطِیُٔ اسْمُہُ اِسْمِیْ)) رَواہُ التِّرْمَذِیُّ)) [1] (صحیح) حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’دنیا ختم نہیں ہو گی یہاں تک کہ عرب کا بادشاہ ایک ایسا آدمی بنے گا جو میرے اہل بیت میں سے ہو گا اور اس کا نام میرے نام جیسا ہو گا ۔‘‘ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔ ((عَنْ اُمِّ سَلَمَۃَ رضی ا للّٰه عنہا قَالَتْ: سَمِعْتُ رَسُولَ ا للّٰه صلی ا للّٰه علیہ وسلم یَقُولُ (( اَلْمَھْدِیُّ مِنْ عِتْرَتِیْ مِنْ وُّلْدِ فَاطِمَۃَ)) رَوَاہُ اَبُوْ دَاؤدَ)) [2] (صحیح) حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ: ’’مہدی میرے خاندان اور فاطمہ رضی اللہ عنہا کی اولاد میں سے ہو گا ۔‘‘ اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے۔ امام مہدی کا نام محمد ہو گا اور ان کے والد کا نام بھی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے والد جیسا ( عبداللہ) ہو گا ۔ ((عَنْ عَبْدِ ا للّٰه رضی ا للّٰه عنہ عَنِ النَّبِیِّ صلی ا للّٰه علیہ وسلم قَالَ: (( لَوْ لَمْ یَبْقَ مِنَ الدُّنْیَا اِلاَّ یَوْمًا قَالَ زَائِدَۃُ لَطَوَّلَ ا للّٰه ذٰلِکَ الْیَوْمَ حَتّٰی یَبْعَثَ رَجُلاً مِنِّیْ اَوْ مِنْ اَھْلِ بَیْتِیْ یُوَاطِیُٔ اسْمُہٗ اِسْمِیْ وَاِسْمُ اَبِیْہِ اِسْمُ اَبِیْ)) رَوَاہُ اَبُوْ داؤدَ)) [3] (حسن) حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکر م صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اگر دنیا کا صرف ایک دن باقی رہ جائے تب بھی اللہ تعالیٰ اس دن کو اتنا لمبا کر دے گا کہ میرے خاندان یا میرے اہل بیت سے ایک شخص کو خلیفہ بنائے گا جس کا نام میرے نام پر ہو گا اور جس کے باپ کا نام میرے باپ کے نام پر ہو گا۔‘‘ اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے۔ خلیفہ وقت کی موت کے بعد نئے خلیفہ کی بیعت پر اختلاف ہو گا بالآخر امام مہدی ( محمد بن عبداللہ) کی بیعت پر لوگ متفق ہو جائیں گے ۔
[1] ابواب الفتن ،باب ماجاء فی المھدی (۲؍۱۸۱۸) [2] کتاب الفتن ،باب المھدی (۳؍۳۶۰۳) [3] کتاب الفتن، باب المھدی (۳:۳۶۰۱)