کتاب: احکام ومسائل جلد دوم - صفحہ 132
راتیں پکڑ کر چھوڑ دیتے رہے وہ ان کو آیۃ الکرسی بتاگیا۔ [1] باقی جنوں کو قابو کرنے کا دعویٰ کرنے والوں کے دعویٰ کا مجھے علم نہیں کہاں تک حقیقت پر مبنی ہے ، کوئی جنوں سے تعارف و واقفیت رکھنے والا ہی بتاسکتا ہے ، اس فقیر إلی اللہ الغنی کا تو جنوں کے ساتھ کوئی تعارف نہیں ۔ واللہ اعلم۔ ۵ ؍ ۱۱ ؍ ۱۴۲۰ھ س: نجومیوں کاہنوں کی حقیقت کیا ہے؟ بعض مسلمان بھائی کہتے ہیں کہ عیسائیوں کے نجومیوں کی باتیں مسلمان نجومیوں سے زیادہ سچ ثابت ہوئی ہیں ۔ نعوذ باللّٰہ ۔ اس سے شک پڑتا ہے شاید وہ عیسائیت کی طرف مائل ہیں ؟ ( حافظ محمد فاروق) ج: نجومی اور کاہن مسلم ہو خواہ غیر مسلم ان کے پاس جانا، ان کی تصدیق و تائید کرنا ایمان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کے مترداف ہے ،جبکہ احادیث میں تصریح آئی ہے۔ [2] ۲ ؍ ۳ ؍ ۱۴۲۱ھ س: حوضِ کو ثر صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہی ہو گا ؟ یا دوسرے انبیاء علیہم السلام اجمعین کے بھی ہوں گے ؟ (محمد یونس شاکر) ج: محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوضِ کو ثرکاذکر تو کتاب و سنت میں موجود ہے، جس میں شک و شبہ کی گنجائش نہیں ۔ البتہ ہر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوض ہونے کا ذکر بھی بعض روایات میں موجود ہے مگر ان کی اسانیدکمزور ہیں تفصیل کے لیے دیکھیں : فتح الباری (۱۱؍۴۶۷) [سمرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہر نبی کا ایک حوض ہے اور انبیاء آپس میں فخر کریں گے کہ کس کے حوض پر زیادہ لوگ آتے ہیں ، مجھے اُمید ہے کہ میرے حوض پر آنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہو گی۔][3] ۶ ؍ ۱ ؍ ۱۴۲۴ھ س: ظہور مہدی کے بارے میں قرآن و حدیث کی روشنی میں وضاحت فرمائیے؟ (محمد یونس شاکر) ج: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :﴿وَاِمَا مُکُم مِنْکُم ﴾اس سے مراد امام مہدی ہی ہیں ۔ [ ’’ اس وقت کیا ہو گا جب تم میں مسیح ابن مریم اتریں گے اور تمہارا امام تم ہی میں سے ہو گا ۔‘‘][4] ۵ ؍ ۱ ؍ ۱۴۲۴ھ
[1] بخاری ؍ کتاب الوکالۃ ؍ باب اذا وکل رجلا فترک الوکیل شیئا …الخ [2] ابوداؤد؍کتاب الکھانۃ و التطیر، باب النھی عن اتیان الکہان [3] صحیح جامع ترمذی؍ابواب صفۃ القیامۃ؍ باب صفۃ الحوض الصحیحۃ: ۱۵۸۹۔ [4] بخاری ؍ کتاب احادیث الانبیاء ؍ باب نزول عیسٰی ابن مریم ، مسلم ؍ کتاب الایمان ؍ باب نزول عیسٰی ابن مریم