کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 95
عاصم سے روایت ہے کہ جب وہ مسلمان ہوئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں حکم دیا کہ وہ پانی اور بیری کے پتوں کے ساتھ غسل کریں]
س: کیا جنبی مرد یا حائضہ عورت قرآن کو پکڑ سکتی ہے اور پڑھ سکتی ہے ؟ عبدالغفور ولد عبدالحق شاہدرہ اسٹیشن لاہور
ج: زبانی پڑھ سکتے ہیں ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چھو سکتے ہیں ۔
سنن دارمی(۲/۸۴) ’’بَابٌ لاَ طَلاَقَ قَبْلَ نِکَاحٍ‘‘ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے﴿لاَ یَمَسُّ الْقُرْآنَ إِلاَّ طَاہِرٌ﴾ترجمہ : [نہ چھووے قرآن کو مگر پاک] قرآن مجید کی آیت﴿وَإِنْ کُنْتُمْ جُنُبًا فَاطَّہَّرُوْا﴾ ترجمہ : [اور اگرتم ناپاک ہو تو پاکی حاصل کرو] سے ثابت ہوتا ہے جنبی طاہر نہیں ورنہ اسے ’’فَاطَّہَّرُوْا‘‘ کا حکم نہ ہوتا اور جو طاہر نہیں وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مندرجہ بالا فرمان کی رو سے قرآن مجید کو چھو نہیں سکتا تو پکڑ بھی نہیں سکتا اور معلوم ہے کہ حائضہ بھی طاہر نہیں کیونکہ اطہار وتطہر کا جنبی کی طرح اس کو بھی حکم ہے ۔
س: میں نے آپ سے ایک مسئلہ پوچھا تھا کہ کیا حائضہ عورت اور جنبی قرآن کو پکڑ سکتے ہیں کہ نہیں آپ نے کہا تھا کہ نہیں پکڑ سکتے کیونکہ وہ ناپاک ہیں دلیل کے طور پر آپ نے ایک قرآن کی آیت لکھی تھی (اگر تم جنابت کی حالت میں ہو تو غسل کر لو) اگر حائضہ عورت اور جنبی ناپاک ہیں اور وہ قرآن کو نہیں پکڑ سکتے تو پھر ان احادیث کا مطلب کیا ہو گا؟
(۱) نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اے عائشہ رضی اللہ عنہا مجھے مسجد سے بوریا پکڑا عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ اے اللہ کے رسول میں حائضہ ہوں آپ نے فرمایا حیض تمہارے ہاتھ میں نہیں ہے ۔[1]
(۲) مسلم شریف میں ایک حدیث ہے کہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں جنبی تھا نبی صلی اللہ علیہ وسلم آئے میں نے سلام کیا آپ نے مجھ سے ہاتھ ملایا میں کھسک گیا اور غسل کر کے آیا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا کہ اے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ تم کہا گئے تھے میں نے کہا کہ میں غسل کرنے گیا تھا (کیونکہ میں جنبی تھا / ناپاک تھا) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا مومن ناپاک نہیں ۔[2]
عبدالغفور ولد عبدالحق شاہدرہ اسٹیشن لاہور9/10/97
ج: اس بندہ فقیر إلی اللّٰہ الغنی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان﴿ لاَ یَمَسُّ الْقُرْآنَ إِلاَّ طَاہِرٌ﴾ لکھا اور آیت﴿وإِنْ کُنْتُمْ جُنُبًا فَاطَّہَّرُوْا﴾ اور آیت﴿حَتّٰی یَطْہُرْنَ فَإِذَا تَطْہَّرْنَ﴾ سے استدلال کیا کہ جنبی اور حائضہ طاہر نہیں نتیجہ ظاہر ہے کہ دونوں قرآن مجید کو چھو نہیں سکتے جب چھو نہیں سکتے تو پکڑ بھی نہیں سکتے۔
[1] [مسلم ۔ الحیض ۔ باب جواز غسل الحائض رأس زوجہا]
[2] [مسلم ۔ الحیض باب الدلیل علی ان المسلم لا ینحس بخاری ۔ باب عرق الجنب وأن المسلم لا بنحس]