کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 618
آپ کے خط کا جواب ضروری نہ ہو گا ۔ راقم السطور : امان اللہ ۱۳/۱۰/۱۴۱۳ ھ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
از عبدالمنان نور پوری بطرف امان اللہ صاحب حفظہما اللہ تعالیٰ وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اما بعد ! دیکھئے محترم میں نے پچھلے مکتوب میں لکھا ’’تو یہ بات ختم ہو گئی‘‘ چنانچہ آپ نے بھی میری عبارت نقل کرتے وقت یہی لکھا ’’تو یہ بات ختم ہو گئی‘‘ مگر اس کے بعد آپ نے یہ کہ لفظ اور معنی دونوں کو ملحوظ نہیں رکھا کچھ تو اللہ سے ڈریں کیا انصاف اسی کا نام ہے ؟
بات دراصل یہ تھی کہ آپ نے مجھے جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت دی میں نے آپ سے سوال کیا ’’جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے یانہیں ‘‘؟ اب آپ پر لازم تھا کہ اس سوال کا اثبات یا نفی میں جواب دیتے مگر آپ نے تاحال اس کا کوئی جواب نہیں دیا الٹا آپ مجھ سے سوال کررہے ہیں کہ جماعت المسلمین رجسٹرڈ کو چھوڑا جائے یا نہ چھوڑا جائے تو محترم آپ میرے سوال ’’جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اوراس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے یا نہیں ‘‘؟ کا جواب واضح ، دو ٹوک اور پوری عبارت میں لکھیں تو جماعت المسلمین رجسٹرڈ کو چھوڑنے نہ چھوڑنے والا مسئلہ بھی حل ہوجائیگا انشاء اللہ تعالیٰ کیونکہ اگر آپ جواب دیں جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے اور اس جواب کو کتاب وسنت کے دلائل سے ثابت فرمادیں تو پھر آپ جماعت المسلمین رجسٹرڈ کو نہ چھوڑیں بلکہ ہم بھی اس صورت میں جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شامل ہوجائیں گے ان شاء اللہ تعالیٰ اور اگر آپ جواب دیں جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت نہیں تو پھر آپ کو بھی جماعت المسلمین رجسٹرڈ کو چھوڑنا ہوگا اور دوسرو ں کو اس میں شمولیت کی دعوت سے بھی باز آنا ہوگا۔
تو محترم آپ ادھر ادھر کی باتیں نہ بنائیں اصل سوال ’’جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے یا نہیں ‘‘؟ کا جواب واضح دو ٹوک الفاظ اور پوری عبارت میں لکھیں آپ کی قائم کردہ الجھن حل ہوجائے گی ان شاء اللہ تعالیٰ اب آپ اس سوال کا جواب دے لیں گے تو اس کے بعد دوسرا سوال جناب کی خدمت میں پیش کردیا جائے گا۔ ان شاء اللہ ۔۔ابن عبدالحق بقلمہ سرفراز کالونی گوجرانوالہ۲۰/۱۰/۱۴۱۳ ھ