کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 608
محترم جواب میں پوری عبارت لکھیں نقطوں یا لکیروں سے اشارے ناکافی ہیں لہٰذا جواب صاف اور دو ٹوک الفاظ میں تحریر فرمائیں‘‘ جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے یا نہیں ‘‘؟پھر دوسرا سوال آپ کی خدمت میں پیش کر دیا جائے گا ۔ ان شاء اللہ تعالیٰ
ابن عبدالحق بقلمہ سرفراز کالونی گوجرانوالہ۲۷/۷/۱۴۱۳ ھ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
من امان اللہ عبداللہ الی جناب حافظ عبدالمنان صاحب سلام علی من اتبع الہدیٰ
جناب کا مکتوب ملا ۔ مندرجہ ذیل اسئلہ کا جواب الفاظ تحریر کر دیں تاکہ مجھے آپ کو مطلوبہ الفاظ لکھنے میں تاخیر نہ ہو بصورت دیگر جواب مشکل ہے ۔
(۱)جس قرآن مجید کی آپ تلاوت کرتے ہیں وہ رجسٹرڈ ہے یا نہیں ؟
(۲)جس مسجد میں آپ خطبہ جمعہ دیتے ہیں وہ بنام … اہلحدیث رجسٹرڈ ہے ؟
(۳)جس مدرسہ میں آپ تدریس کرتے ہیں وہ رجسٹرڈ ہے ؟
(۴) جس جماعت میں آپ شامل ہیں وہ رجسٹرڈ ہے ؟نوٹ : اگر آپ نے اسئلہ کا جواب نہ لکھا تو میری طرف سے آپ کو کوئی جواب نہیں ملے گا ۔ ابو الاحسان امان اللہ
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
از عبدالمنان نور پوری بطرف امان اللہ صاحب حفظہما اللہ تعالیٰ وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اما بعد ! بات چیت کے آغاز سے لے کر اب تک میرا سوال یہی آ رہا ہے ’’جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے یا نہیں ؟‘‘ میرے اس سوال کا سبب صرف اور صرف یہی ہے کہ آپ نے مجھے جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی اور اسی سوال کو دہراتے ہوئے آپ کو یہ دسواں مکتوب لکھ رہا ہوں ۔
پچھلے مکتوب میں آپ نے اس سوال کے جواب میں لکھا تھا ’’وہ جماعت المسلمین جو حکومت نے رجسٹرڈ کر لی ہے اس میں شمولیت کی دعوت …… ‘‘ اس کے جواب میں اپنے پچھلے مکتوب میں لکھ چکا ہوں۔ ’’محترم جواب میں پوری عبارت لکھیں نقطوں یا لکیروں سے اشارے ناکافی ہیں لہٰذا جواب صاف اور دو ٹوک الفاظ میں تحریر فرمائیں