کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 606
شمولیت کی دعوت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت میں کوئی شک ہی نہیں ہے ۔ (۲) اس وقت دنیا میں اگر کسی جماعت میں شمولیت کی دعوت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی واقعی دعوت ہے تو وہ صرف اور صرف جماعت المسلمین میں شمولیت کی دعوت ہے اس کے علاوہ نہ کسی جماعت کا عملی طور پر دعویٰ ہے اور نہ ہی کوئی دوسری جماعت دنیا میں موجود ہے ۔ امان اللہ ۲۶جمادی الاخری ۱۴۱۳ ھ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم از عبدالمنان نور پوری بخدمت جناب امان اللہ صاحب حفظہما اللہ تعالیٰ وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اما بعد! اس فقیر الی اللہ نے لکھا تھا ’’دو ٹوک الفاظ میں اتنی بات تو واضح فرما دیں کہ ’’جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے یا نہیں ‘‘؟ اس کے جواب میں آپ اس حالیہ مکتوب میں لکھتے ہیں ’’اس وقت دنیا میں اگر کسی جماعت میں شمولیت کی دعوت‘‘ الخ کافی حد تک آپ قریب ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے مگر آپ کے جواب میں دو چیزیں قابل اصلاح ہیں آپ ان کی اصلاح فرما کر جواب لکھیں پھر ان شاء اللہ العزیز دوسرا سوال جناب کی خدمت میں پیش کر دیا جائے گا۔ (۱)لفظ ’’اگر‘‘ جواب سے نکال دیں کیونکہ یہ لفظ شبہ کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ (۲) ’’جماعت المسلمین‘‘ کے ساتھ رجسٹرڈ کا لفظ بھی لکھیں کیونکہ سوال جماعت المسلمین رجسٹرڈ سے تعلق رکھتا ہے چنانچہ اوپر سوال درج کر دیا ہے اسے غور سے پڑھ لیں ۔ ابن عبدالحق بقلمہ سرفراز کالونی گوجرانولہ۱/۷/۱۴۱۳ ھ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم من امان اللہ عبداللہ بخدمت جناب حافظ عبدالمنان صاحب سلام علی من اتبع الہدیٰ جناب کا مکتوب گرامی ملا جواباً عرض ہے کہ (۱)آپ چاہتے ہیں کہ میں اپنے جواب سے لفظ اگر نکال دوں۔ تو محترم یہ لفظ آپ کے لیے ہے میرے لیے نہیں کیونکہ میں دل کے پورے اور مکمل یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ حق صرف جماعت المسلمین کے پاس ہے جب حق جماعت المسلمین کے پاس ہے تو اس میں شمولیت کی دعوت …… (۲)دوسرے نمبر پر آپ کی خواہش ہے کہ ’’رجسٹرڈ‘‘ کا لفظ بھی لکھوں ۔ جواباً عرض ہے کہ کیوں ؟ آپ کا خیر اندیش ابوالاحسان امان اللہ مسلم آئرن سٹور چونیاں روڈ حجرہ شاہ مقیم ضلع اوکاڑہ۶/۷/۱۴۱۳ ھ