کتاب: احکام و مسائل جلد اول - صفحہ 598
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم من امان اللّٰه عبد اللّٰه بخدمت جناب حافظ عبدالمنان صاحب سلام علی من اتبع الہدیٰ اما بعد ! جناب کا جوابی مکتوب گرامی ملا جناب حافظ صاحب ! میرا رب خوب جانتا ہے کہ میرے دل میں آپ کی محبت کتنی ہے اور عرصہ دو سال سے اسی کشمکش میں رہا ہوں کہ آپ جناب کو کس طریق سے جماعت المسلمین کی دعوت دوں کیونکہ اگر جماعتی اصول کے تحت ان کو خط لکھوں تو عین ممکن ہے وہ ناراض ہو جائیں اور اگر جماعتی اصول کو توڑ کر انہیں خط لکھوں تو یہ بھی درست نہیں ہے ۔ آخر ایک دن یہ سوچ کر آپ کو خط لکھنے کا پروگرام بنا ہی لیا کہ اگر قیامت کے دن حافظ صاحب نے میرا گریبان پکڑ لیا تو میں عدالت حق میں کون سا جواب دے کر اپنی جان چھڑاؤں گا ۔ جناب اگر متبع ہدایت ہیں تو ان شاء اللہ سلامتی کے ضرور بر ضرور مستحق ہیں اور اگر نہیں تو سلام لکھنے سے بھی ان پر سلامتی نہ ہو گی ۔ باقی آپ نے جو تحریر فرمایا ہے کہ آپ کو جماعتی ضرورت کے تحت دعوت دی گئی ہے ۔ جناب محترم ! میں پھر یہی عرض کروں گا کہ آپ جیسے صاحب علم کی سخت ضرورت ہے کیونکہ آپ جیسے لوگ جب جماعت المسلمین کی نصرت کے لیے میدان میں نہیں اتریں گے تو خلافت کیسے قائم ہو گی ؟ آپ کو اللہ تعالیٰ نے جن خوبیوں سے نوازا ہے ان کا شکریہ تب ہی ادا ہو سکتا ہے جب آپ کی علمی قوت جماعت المسلمین کی نصرت میں صرف ہو آخر کچھ خوبیاں جناب عمر رضی اللہ عنہ میں تھیں تو ان کے ایمان لانے پر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بہت خوشیاں ہوئی تھیں ۔ جناب محترم ! آپ سے جو شدید محبت ہے تو اس کی وجہ یہ نہیں کہ آپ میں حسن یوسف علیہ السلام ہے یا آپ عزیز مصر ہیں محبت کی وجہ آپ کی علمی اور عملی خوبیاں ہیں اور میری دلی دعا ہے کہ آپ کی وہ خوبیاں جن کی وجہ سے آپ سے محبت ہے وہ جماعت المسلمین کی نصرت کے لیے وقف ہو جائیں ۔ وَمَا ذٰلِکَ عَلَی اللّٰه بِعَزِیْزٍ آپ کے جواب کا منتظر امان اللہ خادم الاسلام والمسلمین ۴ربیع الاول ۱۴۱۳ ھ بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم از عبدالمنان نور پوری بخدمت جناب امان اللہ صاحب حفظہما اللہ تعالیٰ وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ امابعد ! خیریت مطلوب خیریت موجود آپ نے اپنے اس مکتوب میں میرے دوسرے قول ’’کیونکہ جماعت المسلمین‘‘ الخ پر کچھ لکھا ہے جو بے جا ہے جبکہ آپ نے میرے پہلے قول ’’جماعت المسلمین میں شمولیت کی دعوت ۔ غور فرمائیں یہ دعوت اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے ؟‘‘ پر کچھ نہیں لکھا تو عرض ہے کہ آپ اس بات کی وضاحت فرمائیں آیا جماعت المسلمین رجسٹرڈ میں شمولیت کی دعوت واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت ہے ؟